ایج گروپ اور فرسٹ ابو ظہبی بینک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت، مالیاتی جدت و صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا معاہدہ

ابوظہبی، 11 جون 2025 (وام)--ایج گروپ، جو دنیا کی صف اول کی جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعتوں میں شمار ہوتی ہے، نے فرسٹ ابو ظہبی بینک (FAB) کے ساتھ ایک اسٹریٹجک مالیاتی شراکت داری قائم کی ہے۔ یہ معاہدہ دو بڑے مالیاتی اقدامات, فرسٹ ابو ظہبی بینک کا جدید سپلائی چین فنانس (SCF) حل اور مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ ٹریژری مینجمنٹ سسٹم (TMS) کی تعیناتی کا احاطہ کرتا ہے: ۔

ایج گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او حمد المرار نے کہا کہ, "فرسٹ ابو ظہبی بینک کے ساتھ ہماری شراکت داری، ایج کے عالمی صنعتی عزائم کو تقویت دینے والی ایک اسٹریٹجک بنیاد ہے۔ یہ شراکت ہمیں تیزی، استقامت اور مالیاتی وسعت کے ساتھ کام کرنے کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کو فراہم کرتی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ پیچیدہ اور مسابقتی عالمی ماحول میں یہ ہم آہنگی گروپ کو متحرک، سرمایہ سے مستحکم اور عالمی ترقی کے لیے تیار بناتی ہے۔

فرسٹ ابو ظہبی بینک کے گروپ ہیڈ آف ہول سیل بینکنگ مارٹن ٹریکوڈ نے کہا کہ, "ایج کے ساتھ یہ شراکت ایک زیادہ مستحکم سپلائر ایکو سسٹم کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ موثر نقد روانی اور سپلائی چین فنانسنگ پائیدار کاروباری ماڈلز کی اساس ہیں۔"

انہوں نے کہا کہ فرسٹ ابو ظہبی بینک اپنی عالمی مہارت اور جدید مالیاتی حلوں کے ذریعے ایج کو مالیاتی لچک اور طویل مدتی قدر پیدا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔

فرسٹ ابو ظہبی بینک کے ڈیجیٹل SCF حل کے ذریعے، ایج گروپ مقامی اور بین الاقوامی سپلائرز کو ابتدائی اور کم لاگت فنانسنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس سے سپلائرز کا اعتماد بڑھتا ہے، تجارتی شرائط بہتر ہوتی ہیں اور اہم آپریشنز میں تسلسل قائم رہتا ہے۔

ایج گروپ کی جانب سے فرسٹ ابو ظہبی بینک کے AI-پاورڈ ٹریژری مینجمنٹ سسٹم (TMS) کی تعیناتی، اب تک کی سب سے بڑی ہے۔ اس جدید نظام کے تحت گروپ کو ریئل ٹائم نقد جائزہ، پیشگی مالیاتی تخمینہ، اور مربوط رسک مینجمنٹ ٹولز میسر آتے ہیں، جو ٹریژری آپریشنز کی خودکاری اور لیکویڈیٹی کے انتظام کو بہتر بناتے ہیں۔

یہ پلیٹ فارم شرح سود اور غیر ملکی کرنسی کے خطرات سے تحفظ فراہم کرتا ہے، جبکہ سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی، فنڈنگ اور مالیاتی چُستی میں بھی نمایاں بہتری لاتا ہے۔

ایج گروپ کے گروپ چیف فنانشل آفیسر رودریگو توریس نے کہا کہ، "یہ شراکت داری ایج کی مالیاتی جدت اور حکمت عملی کو مرکزی دھارے میں لانے کی عکاسی کرتی ہے۔"

انہوں نے بتایا کہ اب تک 1.6 ارب درہم سے زائد مالیت کے انوائسز پراسیس کیے جا چکے ہیں، جن کے ذریعے 1.2 ارب درہم سے زائد کی آف بیلنس شیٹ فنانسنگ حاصل کی گئی ہے۔ یہ حل گروپ کو ریئل ٹائم کیش کنٹرول، ذہین پیش گوئی، اور مستحکم مالیاتی نظم و نسق فراہم کرتے ہیں، جو طویل مدتی ترقیاتی حکمت عملی اور صنعتی اہداف کی تکمیل کے لیے ناگزیر ہیں۔