ایمریٹس اور بہاماز ایئر کے درمیان شراکت داری کا معاہدہ، کیریبین مسافروں کیلئے نئی سہولتیں

دبئی، 11 جون، 2025 (وام)--ایمریٹس ایئرلائن اور بہاماز کی قومی ایئرلائن بہاماز ایئر کے درمیان ایک یادداشتِ تفاہم (MoU) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت دونوں فضائی کمپنیاں ایک انٹرلائن شراکت داری قائم کریں گی۔ اس شراکت کا مقصد ان مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو بہاماز کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت ایمریٹس ایئرلائن کی رسائی کیریبین خطے تک توسیع پائے گی، اور ایمریٹس کے مسافر فلوریڈا سے بہاماز ایئر کی پروازوں کے ذریعے ملک کے تین مختلف شہروں — نساو، فری پورٹ، اور سان سلواڈور — تک باآسانی سفر کر سکیں گے۔

یونی لیٹرل معاہدے کے تحت، ایمریٹس سے میامی یا اورلینڈو پہنچنے والے مسافروں کو بہاماز ایئر کی پروازوں میں کنکشن کی سہولت حاصل ہو گی، اور وہ اپنی مکمل سفری منصوبہ بندی ایک ہی ٹکٹ پر انجام دے سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ایمریٹس کے مسافروں کو اضافی سامان لے جانے کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔

ایمریٹس کے ڈپٹی صدر اور چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے اس موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “ہمیں بہاماز ایئر کے ساتھ انٹرلائن شراکت داری قائم کرنے پر خوشی ہے، جس کے ذریعے ہم اپنے صارفین کو کیریبین کے دلچسپ مقامات کی جانب سفر کے مزید اختیارات فراہم کر سکیں گے۔ یہ معاہدہ مقابلہ جاتی کرایوں، سنگل ٹکٹ بُکنگ اور نرمی پر مبنی سامان کی پالیسی کے ساتھ ہمارے مسافروں کو فلوریڈا سے بہاماز کے مختلف شہروں تک سہولت کے ساتھ رسائی فراہم کرے گا۔”

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ شراکت بہاماز کی وزارت خارجہ کے ساتھ پہلے سے موجود معاہدے کی توسیع ہے، جس کے تحت بہاماز کو ایمریٹس نیٹ ورک کے ذریعے سیاحتی اعتبار سے فروغ دیا جا رہا ہے۔

یادداشتِ تفاہم کے تحت دونوں ایئرلائنز کارگو انٹرلائن تعاون کو فروغ دینے اور فریکوئنٹ فلائر پروگرامز میں شراکت داری کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گی۔

بہاماز ایئر کے منیجنگ ڈائریکٹر ٹریسی کوپر نے اس شراکت کو اپنی ایئرلائن کی عالمی شناخت میں اضافے اور نئے بین الاقوامی مواقع تک رسائی کا ذریعہ قرار دیا۔ ان کے مطابق، "دنیا کی ایک معتبر ایئرلائن کے ساتھ اتحاد نہ صرف ہماری صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ پائیدار عالمی ترقی کے لیے بنیاد بھی فراہم کرے گا۔"

واضح رہے کہ میامی اور اورلینڈو ان 12 امریکی شہروں میں شامل ہیں جہاں ایمریٹس اس وقت پروازیں چلا رہی ہے۔ میامی کے لیے روزانہ جبکہ اورلینڈو کے لیے ہفتہ وار پانچ پروازیں دستیاب ہیں، جن کے ذریعے مسافر ایمریٹس کے 140 سے زائد عالمی مقامات سے منسلک ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ عربین ٹریول مارکیٹ کے موقع پر ایمریٹس اور بہاماز کی وزارت خارجہ کے درمیان سیاحت کے فروغ سے متعلق علیحدہ معاہدہ بھی طے پایا تھا، جس کا مقصد بہاماز کی سیاحتی اور تجارتی صنعتوں کی ترقی کو مشترکہ طور پر فروغ دینا ہے۔