یورپی یونین میں غیرقانونی ہجرت میں 20 فیصد کمی، فرنٹیکس رپورٹ

برسلز، 11 جون، 2025 (وام)--یورپی یونین کی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس نے بدھ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ سال 2025 کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران یورپی یونین میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے مہاجرین کی تعداد میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

وارسا میں قائم اس ادارے کے مطابق، رواں سال اب تک 63,700 غیرقانونی داخلوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ مہاجرین کی سب سے عام قومیتوں میں افغان، بنگلہ دیشی، اور مالی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ کمی ویسٹرن بلقان روٹ میں دیکھی گئی، جہاں 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ، ویسٹ افریقن راستے میں 35 فیصد اور ایسٹرن میڈیٹرینین میں 30 فیصد کمی دیکھی گئی۔

فرنٹیکس نے مزید بتایا کہ بیلاروس سے پولینڈ اور بالٹک ممالک کی جانب غیرقانونی داخلوں میں بھی 7 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کے تحت 5,062 داخلوں کی نشاندہی کی گئی۔ تاہم، سنٹرل میڈیٹرینین کے ذریعے اٹلی کی جانب سفر کرنے والے مہاجرین کی تعداد میں 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایجنسی نے یہ بھی واضح کیا کہ برطانیہ کی جانب چینل کے ذریعے غیرقانونی داخلوں میں بھی 17 فیصد اضافہ دیکھا گیا، اور 2025 کے ابتدائی پانچ مہینوں کے دوران یہ تعداد 25,540 تک جا پہنچی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔