ابوظہبی، 12 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی، اتحاد ایئرویز نے مئی 2025 کے لیے اپنے تازہ ترین سفری اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن میں مسافروں کی تعداد اور آپریشنل وسعت میں نمایاں اضافہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اتحاد ایئرویز نے مئی 2025 کے دوران 17 لاکھ مسافر منتقل کیے، جو گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ ہے۔ مسافروں کے بوجھ (لوڈ فیکٹر) میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جو مئی 2024 میں 84 فیصد سے بڑھ کر 87 فیصد ہو گیا، جس سے کمپنی کی صلاحیت کے مؤثر استعمال اور مسافروں کی بلند طلب کی عکاسی ہوتی ہے۔
اتحاد ایئرویز کے آپریشنل بیڑے میں اب 100 طیارے شامل ہو چکے ہیں، جو نہ صرف نیٹ ورک میں وسعت بلکہ خدمات میں بہتری کے لیے بھی معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ رواں سال کے ابتدائی پانچ مہینوں میں 84 لاکھ سے زائد مسافر اتحاد ایئرویز کے ذریعے سفر کر چکے ہیں، جو 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ہے، جب کہ سال بہ سال اوسط لوڈ فیکٹر 87 فیصد برقرار رہا۔
اتحاد ایئرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، انتونوالدو نیوس نے اس موقع پر کہا کہ، "ہم نے مئی میں مسافروں کی تعداد میں 19 فیصد اضافے کے ساتھ مسلسل ترقی کا تسلسل برقرار رکھا، جس سے ہماری شناخت مشرق وسطیٰ کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ایئرلائن کے طور پر مزید مضبوط ہوئی۔ رواں سال اب تک 8 ملین سے زائد صارفین نے ہمارا انتخاب کیا، جب کہ گزشتہ 12 مہینوں میں یہ تعداد تقریباً 20 ملین تک جا پہنچی ہے، جو ہماری خدمات پر صارفین کے اعتماد کا مظہر ہے۔"
انہوں نے مزید کہاکہ، "مئی میں ہم نے اپنے بیڑے میں 100 طیاروں کا سنگِ میل عبور کیا۔ آئندہ مہینوں میں نیٹ ورک میں مزید وسعت اور بیڑے میں اضافہ متوقع ہے، جب کہ ہمارا فوکس صارفین کو ایک بے مثال اور ہموار فضائی تجربہ فراہم کرنے پر مرکوز رہے گا۔"