ابوظہبی، 12 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِ اعظم، محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جو متحدہ عرب امارات کے ورکنگ دورے پر ابوظہبی پہنچے ہیں۔
یہ ملاقات قصر الشاطی میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک کی خوشحالی، ترقی، اور عالمِ اسلام و دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔
بات چیت کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر اقتصادی، سرمایہ کاری، اور ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز رہی۔ رہنماؤں نے باہمی مفاد اور قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر شیخ محمد بن زاید اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور حالیہ پیش رفت کے تناظر میں اپنے نکتہ ہائے نظر پیش کیے۔ دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں امن کے فروغ اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت پر زور دیا۔
وزیرِ اعظم پاکستان نے علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لیے صدر شیخ محمد بن زاید کی کوششوں کو سراہا اور بین الاقوامی مکالمے کے فروغ، تنازعات کے حل اور سفارتی راہیں ہموار کرنے میں اماراتی سفارت کاری کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی میں متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون اور ترقیاتی اقدامات پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
ملاقات میں اماراتی قیادت کے اہم اراکین بھی موجود تھے، جن میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان، ڈپٹی چیئرمین صدارتی امور شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، مشیرِ صدرِ امارات شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، سیکریٹری جنرل قومی سلامتی کونسل علی بن حمد الشامسی، وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور محمد بن مبارک المزروعی، اور چیئرمین دفترِ صدر برائے تزویراتی امور و ابو ظہبی ایگزیکٹو آفس ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی شامل تھے۔
وزیرِ اعظم پاکستان کے ہمراہ آئے وفد میں بھی متعدد وزراء اور اعلیٰ حکام شامل تھے۔
اس سے قبل آج صبح، وزیرِ اعظم شہباز شریف ابوظہبی پہنچے، جہاں ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان اور دیگر سینئر حکام نے البطین ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔