شارجہ، 12 جون، 2025 (وام)--سپریم کونسل کے رکن، شارجہ کے حکمران، اور شارجہ پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی کے صدر (ایس پی اے اے) عزت مآب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے جمعرات کے روز یونیورسٹی سٹی، شارجہ میں واقع اکیڈمی کی عمارت میں بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے آغاز میں حاکمِ شارجہ نے بورڈ کے ارکان اور نئے شامل ہونے والے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے اکیڈمی کی ترقی، اس کے پروگرامز اور تعلیمی ڈگریوں کی بہتری کے لیے بورڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات قومی اور علاقائی سطح پر اکیڈمی کے منفرد علمی کردار کی کامیابی کو یقینی بناتے ہیں۔
بورڈ نے اکیڈمی کے مستقبل کے متعدد منصوبوں، اِن کی تکمیل کے طریقۂ کار، اور اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل مقامی و بین الاقوامی طلبہ کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی پر تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا۔
فیکلٹی کی بہتری، طلبہ کی عملی تربیت اور تعلیمی ماحول کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کے ذریعے تعاون کو وسیع کرنے کی کوششوں کا بھی جائزہ پیش کیا گیا۔
بورڈ نے جون میں فارغ التحصیل ہونے والے 2025 بیچ کے طلبہ کی گریجویشن پلانز اور فیصلوں کی توثیق کی، جب کہ فلم اسٹڈیز اور فلم پروڈکشن میں تخصصی پروگرام شروع کرنے کی منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔
اسی طرح اکیڈمی کے کالج آف میوزک کے آغاز کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جو آئندہ تعلیمی سال سے فعال ہو گا۔
طلبہ کے داخلے کے اعلیٰ معیارات طے کر دیے گئے ہیں۔
نوجوانوں کے لیے خصوصی میوزک کورسز اور بین الاقوامی آرٹس فیسٹیولز میں شرکت جیسے توسیعی منصوبے زیرِ بحث آئے۔
اجلاس کے موقع پر، حاکمِ شارجہ نے لبنانی نیشنل تھیٹر فیسٹیول کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی وصول کی، جس کا موٹو مرحوم شیخ خالد بن سلطان القاسمی کے ایک معروف فنی کام سے اخذ کیا گیا تھا۔ فیسٹیول میں اُن کی حیات و فن پر مبنی فلم بھی پیش کی گئی اور شیلڈ پر تیسرے ایڈیشن کے تمام فنکاروں نے دستخط کیے۔
اس مو قع پر عزت مآب شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کے ہمراہ اجلاس میں چیئرپرسن شارجہ آرٹ فاؤنڈیشن و نائب چیئرپرسن بورڈ آف ٹرسٹیز شیخہ حور بنت سلطان القاسمی، سیکریٹری جنرل عرب تھیٹر اتھارٹی اسماعیل عبداللہ اسماعیل، سیکریٹری جنرل تھیٹر ایسوسی ایشن ڈاکٹر حبیب غلام العطار، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس پی اے اے ڈاکٹر پیٹر بارلو، ڈائریکٹر تھیٹر ڈیپارٹمنٹ، محکمہ ثقافت احمد محمد بو رہیمہ، ثقافتی مشیر، ڈاکٹر سلطان القاسمی فاؤنڈیشن ڈاکٹر یوسف عبداللہ عیدابی، بانی لبنانی نیشنل تھیٹر قاسم اسطنبولي، ڈین کالج آف فائن آرٹس اینڈ ڈیزائن، یونیورسٹی آف شارجہ ڈاکٹر نادیہ الحسنی، ڈاکٹر عبیر الجندی بھی شریک تھے۔