جدہ، 14 جون (وام)--سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزیشکیان سے آج ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر، عوام اور ان تمام خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جنہوں نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اپنے پیاروں کو کھویا۔
انہوں نے ان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف ہیں اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
سعودی ولی عہد نے اس امر پر زور دیا کہ مذکورہ حملوں نے موجودہ بحران کے حل کے لیے جاری مکالمے کو متاثر کیا ہے اور کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتی ذرائع سے حل تلاش کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ بات چیت ہی اختلافات کے حل کی بنیاد ہونی چاہیے۔