شیخ عبد اللہ بن زاید کی عالمی وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک مشاورت، خطے کی تازہ صورتحال پر غور

ابو ظہبی، 16 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ، عزّت مآب شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان نے منگل کے روز مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی جانب سے اسلامی جمہوریہٴ ایران کو نشانہ بنانے کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتِحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

ٹیلیفونک رابطے جن معزز ہم منصبوں سے ہوئے، اُن میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، جمہوریہ اٹلی کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ انتونیو تائیانی، جمہوریہ تُرکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فدان، جمہوریہ ہنگری کے وزیرِ خارجہ پیٹر سِیارتیو، اور جمہوریہ شام کے وزیرِ خارجہ اسعد الشیبانی شامل ہیں۔

ان مذاکرات کے دوران فریقین نے موجودہ کشیدگی کے خطے کے امن و استحکام پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا۔ ساتھ ہی اس امر پر زور دیا گیا کہ بحرانوں کا حل سفارتی ذرائع اور تعمیری مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے، تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر پائیدار امن کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔