متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کا "سندس ایکسچینج" کا لائسنس منسوخ، 1 کروڑ درہم کا جرمانہ عائد

ابوظہبی، 17 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ملک میں کام کرنے والی کمپنی سندس ایکسچینج کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے، اس کا نام لائسنس رجسٹر سے حذف کر دیا گیا ہے اور اس پر 10 ملین درہم (ایک کروڑ درہم) کا مالی جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

یہ کارروائی وفاقی فرمانی قانون نمبر (20) برائے 2018 کے آرٹیکل (14) کے تحت کی گئی ہے، جو منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور غیرقانونی تنظیموں کی معاونت کے خلاف اقدامات سے متعلق ہے، اور اس میں کی گئی ترامیم کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔

مرکزی بینک کے مطابق، یہ فیصلہ اس کے جانب سے کی گئی جانچ پڑتال کے نتائج کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں "سندس ایکسچینج" کی جانب سے متعلقہ قوانین و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں اور ناکامیوں کا انکشاف ہوا۔ ان خلاف ورزیوں میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت کے خلاف قائم کردہ قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کی خلاف ورزی شامل ہے۔

مرکزی بینک نے واضح کیا کہ وہ اپنے نگران اور ضابطہ جاتی اختیارات کے تحت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ملک میں کام کرنے والے تمام کرنسی ایکسچینج ہاؤسز، ان کے مالکان اور عملہ متحدہ عرب امارات کے قوانین، ضوابط اور بینک کی جانب سے مقرر کردہ شفافیت و دیانتداری کے معیارات پر عملدرآمد کریں، تاکہ مالیاتی نظام کو محفوظ رکھا جا سکے۔