ابوظہبی، 17 جون 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو جمہوریہ تُرکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے آج ایک ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، مشترکہ کوششوں، اور خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبہ جات میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، اور علاقائی و بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی فوجی حملوں کے تناظر میں، دونوں فریقین نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے، مکالمے کے فروغ، اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنا ناگزیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے خطے کو مزید بحرانوں سے بچایا جا سکتا ہے اور امن و استحکام کو تقویت مل سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اُن کے ممالک خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔