ابوظہبی، 17 جون 2025 (وام)--ابوظہبی میں قائم عالمی ٹیکنالوجی گروپ جی42 اور کیمبرج، میساچوسٹس میں قائم لیکویڈ اے آئی نے تخلیقی مصنوعی ذہانت کے حل تیار کرنے، تربیت دینے اور تجارتی سطح پر فروغ دینے کے لیے ایک ہمہ جہتی شراکت داری کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
اس شراکت داری کا مقصد لیکویڈ فاؤنڈیشن ماڈلز پر مبنی نجی تخلیقی اے آئی حلوں کی مشترکہ ترقی اور عالمی سطح پر تعیناتی ہے۔ یہ منصوبہ مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ اور گلوبل ساؤتھ سمیت مختلف خطوں میں سرمایہ کاری، بینکاری، صارفین الیکٹرانکس، ٹیلی کمیونی کیشنز، بایو ٹیکنالوجی اور توانائی جیسے کلیدی شعبوں کا احاطہ کرے گا۔
جی42 کے ذیلی ادارے جیسے کور42 اور انسیپشن اس شراکت داری میں مختلف سطحوں پر شامل ہیں، جن میں AI کی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا، ملٹی موڈل فاؤنڈیشن ماڈلز کا مشترکہ ڈیزائن، اور اُن کی تعیناتی شامل ہے۔
جی42 کے گروپ چیف اے آئی آفیسر ڈاکٹر اینڈریو جیکسن نے کہاکہ، "یہ شراکت داری ہماری مشترکہ سوچ کی عکاس ہے کہ مصنوعی ذہانت خودمختار، مؤثر اور ادارہ جاتی سطح پر قابلِ عمل ہونی چاہیے۔ جی42 کے مضبوط انفراسٹرکچر اور لیکویڈ اے آئی کی ماڈل جدت کو یکجا کر کے ہم عالمی صنعتوں کے لیے وسیع پیمانے پر قابلِ اعتماد AI حل پیش کر رہے ہیں۔"
لیکویڈ اے آئی کے شریک بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر رامین حسنی نے اس تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ، "جی 42 کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں لائی گئی وسعت اور اثر انگیزی قابلِ تقلید ہے۔ یہ شراکت عالمی AI کی رفتار کو مزید مستحکم کرے گی اور اداروں کو تیز رفتاری سے مؤثر، محفوظ اور پرائیویٹ جنرل پرپز AI ماڈلز فراہم کرنے میں مدد دے گی۔"
بیان میں کہا گیا کہ حالیہ امریکہ-امارات اے آئی تعاون کے تناظر میں یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے اس عزم کی مزید توثیق کرتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کو ذمے داری سے ترقی دی جائے، اور تمام افراد و معاشروں کے لیے اسے ایک جامع ٹیکنالوجی بنایا جائے۔