ایمرٹس ایئرلائن کی پیرس ایئر شو میں بھرپور شرکت، جدید A350 طیارہ اور نئی سہولیات کی نمائش

دبئی، 17 جون 2025 (وام)--ایمرٹس ایئرلائن نے 55ویں بین الاقوامی پیرس ایئر شو میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی جدید ترین فضائی خدمات، نئی ٹیکنالوجی اور نئے طیارے A350 کی نمائش کی ہے۔ یہ ایئر شو 19 جون تک جاری رہے گا۔

تقریباً 15 برس کے وقفے کے بعد ایمرٹس ایئرلائن کی ایئر شو میں واپسی کو صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے اپنے اگلے درجے کے کیبن ڈیزائن، جدید اندرونی سہولیات اور نئی ٹیکنالوجیز کے حامل ایئربس A350 کو پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔

ایئر شو میں آنے والے زائرین ایمرٹس کے اپ گریڈ شدہ بزنس کلاس، پریمیئم اکانومی اور کشادہ اکانومی کلاس کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔

ایمرٹس ایئرلائن کے صدر سر ٹم کلارک نے اس موقع پر کہا کہ پیرس ایئر شو میں شرکت ہماری فضائی خدمات کی اعلیٰ ترین سطح کو پیش کرنے کا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانس کے سب سے اہم ایوی ایشن ایونٹ میں شرکت ہماری اس مستقل وابستگی کا ثبوت ہے جس کے تحت ایمرٹس نہ صرف اپنی روزمرہ پروازوں کے ذریعے بلکہ فضائی صنعت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے بھی فرانس کی ایوی ایشن صنعت کی معاونت کرتا ہے۔

ایمرٹس ایئرلائن اس وقت فرانس کے تین شہروں – پیرس، نائس اور لیون – کے لیے ہفتہ وار 21 پروازیں چلا رہی ہے، جن میں روزانہ تین A380 پروازیں، نائس کے لیے روزانہ A380، اور لیون کے لیے روزانہ A350 پرواز شامل ہیں۔ نائس کو A380 پر سروس فراہم کرنے والی ایمرٹس واحد بین الاقوامی ایئرلائن ہے۔

ایمرٹس گزشتہ تین دہائیوں سے فرانس کی فضائی صنعت، تجارت اور سیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ کمپنی نے اب تک 254 ایئربس طیارے، بشمول A300، A310، A330، A340، A380 اور A350 ماڈلز، خریدنے پر €114 ارب یورو (130 ارب امریکی ڈالر) سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے۔

فرانسیسی ہوا بازی کی صنعت کے مختلف شعبوں میں بھی ایمرٹس ایک بڑا شراکت دار ہے، جو مچلین کے ٹائر، سیفران کے پرزہ جات اور نشستیں، اور تھالس کے ایویونکس سسٹمز سمیت کئی مصنوعات اپنی فضائی بیڑے کے لیے حاصل کرتی ہے۔

2023 میں ایمرٹس نے سیفران کے ساتھ ایک ارب یورو سے زائد کے معاہدے کیے، جن میں جدید نشستوں کی فراہمی کے علاوہ بوئنگ 777X-9 اور موجودہ 777-300ER طیاروں کی اپ گریڈنگ شامل ہے۔ اسی طرح A350 طیاروں کے لیے تھالس کے جدید AVANT Up انٹرٹینمنٹ سسٹم پر €322 ملین (367.5 ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی۔

ایمرٹس اسکائی کارگو فرانس میں دبئی ورلڈ سینٹرل (DWC)، پیرس شارل ڈی گال (CDG) اور لیون سینٹ ایکسپیوری ایئرپورٹس کے درمیان کارگو سروسز بھی فراہم کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات، مشرق وسطیٰ میں فرانس کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

ایمرٹس ایئرلائن فرانس کی معیشت میں ہر سال €189 ملین (215 ملین امریکی ڈالر) کا براہ راست حصہ ڈالتی ہے، جو ایندھن، پرواز کے اخراجات، لینڈنگ فیس، عملے کے قیام، اشتہارات اور دیگر آپریشنل سرگرمیوں پر خرچ ہوتے ہیں۔

فرانسیسی سرخ شراب بھی ایمرٹس کی فرسٹ اور بزنس کلاس کے لیے بڑی مقدار میں حاصل کی جاتی ہے، جن میں سے 58 فیصد شراب بورڈو خطے سے آتی ہے، جو دنیا میں ایمرٹس کا سب سے بڑا سورس مارکیٹ ہے۔

ایمرٹس A350 طیارہ تین کیبن کلاسز پر مشتمل ہے، جس میں 32 جدید لی فلیٹ بزنس کلاس نشستیں، 21 پریمیئم اکانومی اور 259 کشادہ اکانومی سیٹیں شامل ہیں۔ یہ طیارہ بلند چھتوں، کشادہ گزرگاہوں، تیز تر وائی فائی، جدید لائٹنگ، سینما جیسی انٹرٹینمنٹ اور بہتر نشست آرام دہی جیسے عناصر کے ساتھ 'Fly Better' تجربہ پیش کرتا ہے۔

ایئرلائن رواں سال کے اختتام تک A350 طیارے کو 17 بین الاقوامی مقامات تک توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اب تک کمپنی کے بیڑے میں 7 A350 طیارے شامل ہو چکے ہیں، جب کہ آئندہ برسوں میں مزید 58 طیارے شامل کیے جائیں گے۔