مِراس کا سینٹرل پارک پلازا منصوبہ، 450 ملین درہم کا تعمیراتی معاہدہ طے

دبئی، 18 جون 2025 (وام)--مِراس، جو دبئی ہولڈنگ رئیل اسٹیٹ کا رکن ادارہ ہے، نے دبئی کے معروف رہائشی و طرزِ زندگی منصوبے سینٹرل پارک پلازا کی تعمیر کے لیے ناریسکو کنٹریکٹنگ ایل ایل سی کو 450 ملین درہم سے زائد مالیت کا تعمیراتی معاہدہ دیا ہے۔

یہ جدید رہائشی منصوبہ سٹی واک کے دائرہ کار میں شامل ہوگا، اور اسے 2027 کی تیسری سہ ماہی میں مکمل کر کے حوالے کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

پراجیکٹ میں دو رہائشی ٹاورز – ٹاور A اور ٹاور B – شامل ہیں، جن میں بالترتیب 23 اور 20 منزلیں ہوں گی۔ ان ٹاورز میں مجموعی طور پر 212 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے، جو جدید طرزِ رہائش کی عکاسی کرتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر دبئی ہولڈنگ رئیل اسٹیٹ خالد المالك نے کہا کہ سٹی واک میں واقع سینٹرل پارک پلازا دبئی کے قلب میں ایک منفرد طرزِ زندگی فراہم کرے گا، جو ہماری ان کاوشوں کی ترجمانی کرتا ہے جن کا مقصد ایسے اعلیٰ معیار کے رہائشی منصوبے تیار کرنا ہے جو کمیونٹی لائف اور فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔