دبئی، 18 جون 2025 (وام)--دبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (دیوا) نے اعلان کیا ہے کہ جنوری 2024 میں "ڈی 33 انڈسٹری فرینڈلی پاور" اقدام کے آغاز کے بعد سے اب تک 24 کمپنیوں کو 51 سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے، ایگری ٹیک اداروں اور ڈیٹا سینٹرز کو شمسی توانائی سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا ہے، تاکہ وہ اپنی توانائی کی ضروریات کا 100 فیصد تک اندرونی ذرائع سے پورا کر سکیں۔
دیوا کے ایم ڈی و سی ای او سعید محمد الطایر نے کہا کہ یہ اقدام شیخ محمد بن راشد المکتوم کے اس وژن کے مطابق ہے جس کے تحت دبئی کو دنیا کے تین بڑے اقتصادی مراکز میں شامل کرنا اور گرین اکانومی کے تصور کو جدیدیت اور پائیداری کے ساتھ فروغ دینا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوا صنعتی شعبے کو ماحولیاتی ذمہ داری، توانائی کی کارکردگی اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کے لیے ایسی حکمتِ عملی کے تحت سہولت فراہم کر رہا ہے، جو دبئی کلین انرجی اسٹریٹجی 2050 اور نیٹ زیرو کاربن ایمیشن اسٹریٹجی 2050 کے اہداف سے ہم آہنگ ہو۔
الطایر نے بتایا کہ ڈی33 پالیسی کے تحت صنعتی ادارے، ڈیٹا سینٹرز اور ایگری ٹیک کمپنیاں اپنی پوری توانائی کی ضروریات کے برابر شمسی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکتی ہیں، جو ان کے آپریشنل اخراجات کو کم اور ماحول دوست پیداوار کو ممکن بناتی ہے۔
اس پالیسی کے فوائد سے مستفید ہونے کے لیے، کمپنیوں کو ڈی33 اہلیت سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہے، جو دبئی محکمہ معیشت و سیاحت، محکمہ مالیات اور ڈیوا کی مشترکہ منظوری سے جاری کیا جاتا ہے۔ دیوا اس عمل میں ڈیزائن ریویو، گرڈ کنکشن، اور اسمارٹ کنٹرول سسٹمز کے ذریعے تکنیکی نگرانی فراہم کرتا ہے تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق توانائی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اس پالیسی کے تحت شمسی توانائی سے حاصل شدہ اضافی بجلی کو 10.5 فلس فی کلو واٹ آور کے فلیٹ ریٹ پر، مخصوص شرائط کے تحت، ڈیوا خریدے گا۔
پالیسی کے دیگر فوائد میں دیوا سے I-REC خریداری کی ترجیحی رسائی، نئے کنکشن چارجز پر 25 فیصد رعایت، اور بلا سود قرض سہولت شامل ہے، جس کے تحت ادارے دو سال تک اقساط میں کنکشن فیس کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔