ابوظہبی، 18 جون (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور جمہوریہ سربیا کے صدر، الیگزینڈر وُوچچ نے آج ابوظہبی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ محمد بن زاید نے قصر الوطن میں صدر وُوچچ کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا دورہ امارات-سربیا تعلقات کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
ملاقات میں اقتصادی، سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبوں، قابل تجدید توانائی، غذائی تحفظ اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، تاکہ دونوں ممالک میں ترقی اور خوشحالی کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتِ حال سمیت متعدد علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے امارات-سربیا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار اقتصادی شراکت داری کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا، جو دونوں ممالک کی ترقیاتی ترجیحات اور عوام کی امنگوں سے ہم آہنگ ہو۔ اس تناظر میں، مئی 2025 سے نافذ ہونے والے ’’جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے‘‘ کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا، جو تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے راہ ہموار کرے گا۔
اس ملاقات میں صدارتی عدالت برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی بن حمد الشامسی، وزیر مملکت احمد بن علی الصایغ، صدر کے دفتر برائے اسٹریٹجک امور کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی، سربیا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر احمد المنہالی ، اور ایگل ہلز ابوظہبی کے چیئرمین محمد العبّار کے علاوہ سربیا کے صدر کے ہمراہ آنے والا وفد بھی شریک تھا۔
صدر الیگزینڈر وُوچچ گزشتہ شب متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچے تھے۔