کینز انٹرنیشنل فیسٹیول: یو اے ای قومی میڈیا دفتر کے سربراہ کی میڈیا و مارکیٹنگ میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر اظہارِ خیال

کینز، 18 جون (وام)--متحدہ عرب امارات کے قومی میڈیا دفتر (NMO) اور یو اے ای میڈیا کونسل کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحامد نے فرانس میں جاری ’’کینز لائنز انٹرنیشنل فیسٹیول آف کریئیٹوٹی‘‘ کے دوران ایک پینل اجلاس میں شرکت کی، جس کا موضوع میڈیا اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت کے دور میں تعاون اور اختراع کو فروغ دینا تھا۔

یہ اجلاس دنیا کے بڑے تخلیقی، ابلاغی اور اشتہاری میلوں میں شمار ہونے والے اس فیسٹیول کا حصہ تھا، اور آئندہ دسمبر ابوظہبی میں منعقد ہونے والے ’’بریج سمٹ‘‘ کے لیے ابتدائی تیاریوں میں شامل اہم سرگرمیوں میں سے ایک تھا۔

اجلاس کا اہتمام لاس اینجلس ٹائمز اسٹوڈیوز اور معروف مارکیٹنگ و ٹیکنالوجی کمپنی ’’منکس‘‘ کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں سر مارٹن سورل (معروف میڈیا و مارکیٹنگ ماہر) اور FYI.AI کے بانی و سی ای او وِل.آئی.ایم جیسے نمایاں عالمی شخصیات نے شرکت کی۔

گفتگو میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ مصنوعی ذہانت میڈیا انڈسٹری کے لیے کیا چیلنجز اور مواقع پیدا کر رہی ہے، اور کس طرح کمپنیاں اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مواد کو ذاتی نوعیت کا، مؤثر اور ناظرین سے مربوط بنا سکتی ہیں۔

اس موقع پر الحامد نے کہا کہ, ’’آج، جب دنیا ایک تیز رفتار ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے، ہمیں ایسے میڈیا منظرنامے کی ضرورت ہے جو تبدیلی کو قبول کرے، اختراع کو فروغ دے، اور اپنے اوزار اور شراکت داریاں نئے سرے سے متعین کرے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ یہ نقطۂ نظر پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہے، اور عالمی بہترین تجربات سے سیکھ کر قومی میڈیا کے شعبے کو ایسی سطح تک لے جانے میں مدد دے گا جو ہماری قیادت کے وژن اور علاقائی و عالمی سطح پر اماراتی میڈیا کے مؤثر کردار کی عکاسی کرے۔

فیسٹیول کے موقع پر الحامد نے ’’منکس‘‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر برونو لیمبرٹینی سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے امکانات اور ٹیکنالوجی کو اختراعی مارکیٹنگ حکمتِ عملیوں میں ضم کرنے کے لیے کمپنی کے تجربے سے استفادہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس سال دسمبر میں ابوظہبی میں ہونے والے ’’بریج سمٹ‘‘ میں ’’منکس‘‘ کی ممکنہ شرکت پر بھی بات چیت کی گئی، جس کا مقصد عالمی رجحانات سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مستقبل شناس حل تیار کرنا اور یو اے ای کے ترقیاتی وژن کی حمایت کرنا ہے۔