فرانسیسی صدر کی اسرائیل-ایران تنازع کے خاتمے کیلئے یورپی سفارتی پہل کی ہدایت

پیرس، 18 جون (وام)--فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے وزیرِ خارجہ ژاں-نوئل بارو کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں قریبی یورپی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ایسی سفارتی پہل سامنے لائیں، جس کا مقصد اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے لیے قابلِ مذاکرات حل تجویز کرنا ہو۔

ایلیزے پیلس میں منعقدہ دفاع اور قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد جاری کردہ صدارتی بیان کے مطابق، میکرون نے موجودہ صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی حملوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جن کا تعلق نہ تو ایران کے جوہری پروگرام سے ہے اور نہ ہی بیلسٹک میزائل سے۔ ان حملوں کے نتیجے میں دونوں جانب شہری ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ صدر میکرون نے عسکری کارروائیوں کے فوری خاتمے پر زور دیا، تاہم وزیرِ خارجہ کی جانب سے پیش کی جانے والی مجوزہ سفارتی حکمتِ عملی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم فرانسوا بائرو اور وزیرِ مسلح افواج سباستیان لیکورنو بھی شریک تھے۔ صدر نے وزارتِ خارجہ کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ ایران اور اسرائیل میں مقیم فرانسیسی شہریوں کے انخلا کے لیے ضروری اقدامات کرے تاکہ اُن کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔