ایران، اسرائیل فضائی تنازع: 21 ممالک نے شہریوں کے انخلاء کا عمل شروع کر دیا

کاپیٹاس، 19 جون 2025 (وام)--ایران اور اسرائیل کے درمیان فضائی تصادم کے ساتویں روز میں داخل ہونے کے بعد، دنیا بھر کے کم از کم 21 ممالک نے اپنے شہریوں کو ان دونوں ممالک سے نکالنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ریجن کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث سفارتی سرگرمیوں میں بھی تعطل پیدا ہوا ہے، جبکہ بعض ممالک نے اپنے سفارت خانے عارضی طور پر بند کر دیے ہیں۔ یہ اطلاعات رائٹرز کی رپورٹ سے حاصل ہوئی ہیں۔

آسٹریلیا: آسٹریلوی حکام کے مطابق ایران میں موجود تقریباً 1,500 شہری امداد کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل میں موجود مزید 1,200 آسٹریلوی شہری انخلاء کے خواہاں ہیں۔

آسٹریا: 48 آسٹریائی شہری اسرائیل سے نکل چکے ہیں، جبکہ تقریباً 100 نے ایران چھوڑنے کی درخواست کی ہے۔

بلغاریہ: بلغاریہ کی حکومت کے مطابق، ایران میں تعینات اس کے 17 سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کو آذربائیجان منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے ان کی بذریعہ زمین و فضاء واپسی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ تہران میں واقع بلغاریائی سفارتخانے کی انتظامیہ کو عارضی طور پر باکو منتقل کر دیا گیا ہے۔

چین: چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ چین نے ایران سے 1,600 سے زائد شہریوں کو جبکہ اسرائیل سے بھی درجنوں شہریوں کو بحفاظت نکالا ہے۔

جمہوریہ چیک: ایک طیارہ جس میں اسرائیل سے نکالے گئے 66 افراد سوار تھے، پراگ کے قریب لینڈ کر چکا ہے۔

فرانس: فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئیل بارو نے کہا ہے کہ ایران میں موجود فرانسیسی شہریوں کو ترکی یا آرمینیا کی سرحدوں تک پہنچانے کے لیے ایک قافلہ ہفتے کے آخر تک ترتیب دیا جائے گا، تاکہ وہ وہاں سے ان ممالک کے ہوائی اڈوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔ اسرائیل میں موجود فرانسیسی شہریوں کے لیے جمعہ کی صبح سے بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔

جرمنی: جرمن وزارت خارجہ کے مطابق، ملک نے چارٹر پروازوں کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ سے 345 شہریوں کا انخلاء مکمل کر لیا ہے۔

یونان: یونانی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ ایران میں موجود 16 یونانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو آذربائیجان کے راستے زمینی طور پر نکال کر ان کی واپسی کا عمل جاری ہے۔

بھارت: بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق، اب تک شمالی ایران سے 110 بھارتی طلباء کو انخلاء کے بعد 17 جون کو آرمینیا منتقل کیا گیا۔

اٹلی: ایک سفارتی ذریعے کے مطابق، ایران میں موجود تقریباً 500 اطالوی شہریوں میں سے 29 کو بدھ کے روز حکومت کی معاونت سے نکالا گیا۔

جاپان: جاپانی حکومت کے ترجمان یوشی ماسا ہایاشی کے مطابق، جاپان نے مشرقی افریقہ کے ملک جبوتی میں دو سیلف ڈیفنس فورسز کے طیارے روانہ کر دیے ہیں تاکہ ایران اور اسرائیل میں پھنسے جاپانی شہریوں کے انخلاء کی تیاری کی جا سکے۔ جاپانی سفارت خانے شہریوں کو بسوں کے ذریعے ہمسایہ ممالک منتقل کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں اور انخلاء کا عمل جمعرات سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔