ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں اور خطے میں کشیدگی پر امارات کی گہری تشویش، اقوام متحدہ سے مؤثر کردار کا مطالبہ

ابوظہبی، 22 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے خطے میں جاری کشیدگی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنے کے اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور خطہ شدید عدم استحکام کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے سفارتکاری اور بات چیت کو ترجیح دینا ناگزیر ہے، اور تمام تنازعات کا حل جامع نقطہ نظر کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے، جو خطے میں استحکام، خوشحالی اور انصاف کو فروغ دے۔

امارات نے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ان حساس اور خطرناک حالات کا جامع حل نکالنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے تاکہ خطے اور اس کے عوام کو ممکنہ تباہ کن تصادم کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

بیان میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کریں اور خطے کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور مربوط اقدامات کریں، کیونکہ یہ صورتحال اب ایک نازک موڑ پر پہنچ چکی ہے اور عالمی و علاقائی امن کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ بن چکی ہے۔

وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اس سنگین صورتحال کا تقاضا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین سنجیدگی سے مذاکرات میں شامل ہوں، اور خطے کی تاریخی تلخیوں اور ماضی کے تنازعات سے سبق حاصل کرتے ہوئے پائیدار حل کی راہیں تلاش کریں۔