اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید کی خلیجی رہنماؤں سے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو

ابوظہبی، 22 جون، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج کویت کے امیر، عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے انفرادی طور پر ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

ان رابطوں کا مقصد مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت اور اسلامی جمہوریہ ایران پر ہونے والے حملوں کے نتیجے میں خطے کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات کا جائزہ لینا تھا۔ گفتگو کے دوران موجودہ صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیا گیا، جس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

شیخ محمد بن زاید کی قیادت میں جاری مشاورتی عمل کے تحت ان رابطوں کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور پورے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کی بحالی کیلئے سفارتی راہیں ہموار کرنا ہے۔

تمام رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ فریقین کو دانشمندی، تحمل اور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنا چاہیے، اور بات چیت و پرامن حل کو ترجیح دینی چاہیے۔

انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ ان کے ممالک سفارتی ذرائع سے کشیدگی کے خاتمے کی ہر کوشش کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔