ترکیہ کی ایران پر امریکی حملے پر شدید تشویش، علاقائی کشیدگی کو عالمی بحران میں تبدیل ہونے کا انتباہ

انقرہ، 22 جون، 2025 (وام)--ترکیہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکہ کے فضائی حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف خطے میں تنازع کو مزید گہرا کر سکتا ہے بلکہ ایک عالمی بحران کو بھی جنم دے سکتا ہے۔

ترکیہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی جارحیت سے شروع ہونے والا تنازع پورے خطے میں پھیلنے اور سکیورٹی کے ماحول کو غیر مستحکم کرنے کے خدشات پہلے ہی سے موجود تھے، لیکن آج امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر کیا گیا حملہ ان خدشات کو انتہائی خطرناک سطح تک لے گیا ہے۔

وزارت خارجہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر دشمنانہ کارروائیاں بند کریں اور تحمل و برداشت کا مظاہرہ کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال ایک علاقائی تنازع کو عالمی سطح پر پھیلنے کا راستہ دے سکتی ہے، اور ترکیہ کسی صورت ایسا تباہ کن منظرنامہ دیکھنا نہیں چاہتا۔

ترکیہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع کو صرف اور صرف سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے، طاقت کے استعمال سے نہیں۔ وزارت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کے عمل کی حمایت کرے۔

مزید کہا گیا کہ تمام متعلقہ فریقین کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، یکطرفہ حملے فوری طور پر بند کریں، اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو مزید جانی نقصان یا تباہی کا سبب بن سکتے ہیں۔

بیان کے اختتام پر ترکیہ نے عندیہ دیا کہ وہ اس تنازع کے پرامن حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔