دوحہ، 24 جون (وام)--قطر کی وزارت داخلہ نے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو مکمل طور پر مستحکم قرار دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی قسم کی تشویش میں مبتلا نہ ہوں۔
قطر نیوز ایجنسی کے ذریعے جاری بیان میں وزارت نے واضح کیا کہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر یقین نہ کیا جائے اور نہ ہی انہیں سوشل میڈیا پر شیئر یا فروغ دیا جائے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ شہری اپنی سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر انحصار کریں۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ غیر مصدقہ معلومات کو بغیر تصدیق پھیلانا، معاشرتی بے چینی کا باعث بن سکتا ہے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے اور ہم آہنگی کے تحت ہر وقت تیار اور چوکنا ہے، تاکہ ملک میں عوامی تحفظ، معمولاتِ زندگی کا تسلسل اور سماجی استحکام ہر حال میں برقرار رکھا جا سکے۔