دبئی چیمبرز کے صدر محمد علی راشد لوطاہ انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹو بورڈ میں شامل

دبئی، 24 جون (وام)--انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (ICC) نے دبئی چیمبرز کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی راشد لوطاہ کو اپنے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب کر لیا ہے، جو عالمی تجارت کے فروغ، کاروباری ترقی اور بین الاقوامی شراکت داریوں میں دبئی کی قیادت کا واضح اعتراف ہے۔

انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس دنیا کی سب سے بڑی کاروباری تنظیم ہے، جو 45 ملین کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے، جن میں چھوٹے و درمیانے درجے کے ادارے (SMEs) سے لے کر بین الاقوامی کارپوریشنز (MNCs) شامل ہیں۔ یہ کمپنیاں 170 سے زائد ممالک میں ایک ارب سے زیادہ افراد کو روزگار فراہم کرتی ہیں۔

یہ تنظیم 1919 میں پیرس میں قائم کی گئی اور آج بھی عالمی کاروباری برادری کی آواز تصور کی جاتی ہے۔ انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے رکن اداروں کے ذریعے ہونے والی سالانہ تجارتی سرگرمیوں کی مالیت 17.5 ٹریلین امریکی ڈالر سے زائد ہے، جب کہ تنظیم کی 100 سے زائد ممالک میں نمائندگی موجود ہے۔

دبئی چیمبرز کے سربراہ کی انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس ایگزیکٹو بورڈ میں شمولیت نہ صرف دبئی کی عالمی سطح پر مؤثر موجودگی کا اعتراف ہے بلکہ یہ اقدام عالمی کاروباری برادری کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم بھی ہے۔

یہ تقرری دبئی کے منفرد اقتصادی ماڈل پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، جو لچکدار قانون سازی، عوام و نجی شعبے کے درمیان ہم آہنگی اور کاروباری ترقی کے لیے سازگار ماحول پر مبنی ہے۔

انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس دنیا بھر میں بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے اور اقتصادی پالیسی کے تعین میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور یہ تنظیم بین الاقوامی تجارتی لین دین کے اصولوں کے قیام میں بھی اہم شراکت دار سمجھی جاتی ہے۔

اس موقع پر محمد علی راشد لوطاہ نے اپنے بیان میں کہاکہ، "دبئی بین الاقوامی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور سرحد پار تجارتی بہاؤ کو مستحکم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اور ہم نجی شعبے کے لیے ایک متحرک عالمی ماحولیاتی نظام تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔"