صدرِ امارات اور ایرانی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ایران-اسرائیل جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم

ابوظہبی، 24 جون (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کو آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کی جانب سے ٹیلیفون موصول ہوا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

رابطے کے دوران، صدرِ امارات نے ایران اور اسرائیل کے درمیان اعلان کردہ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا، اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت پورے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک مؤثر سنگِ میل ثابت ہو گی۔

عزت مآب شیخ محمد بن زاید نے اس بات پر زور دیا کہ اس معاہدے کی کامیابی کو یقینی بنانا نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ پورے خطے کی اقوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ ان اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو خطے میں پائیدار امن اور سیکیورٹی کو فروغ دینے میں معاون ہوں۔

ایرانی صدر، ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے اس موقع پر اسرائیلی عسکری کارروائی کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا، اور امارات کے مؤقف کو سراہا۔