دبئی، 30 جون 2025 (وام)--دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے امریکی کمپنی جوبی ایوی ایشن کے اشتراک سے خطے میں پہلی بار فضائی ٹیکسی کی کامیاب آزمائشی پرواز کا انعقاد کیا۔ یہ پرواز دبئی کے مخصوص صحرا میں قائم تجرباتی مقام پر کی گئی، جسے مستقبل کے شہری فضائی نقل و حمل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین، شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ یہ کامیابی شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دوراندیش قیادت کے تحت دبئی کے مستقبل کی نقل و حرکت کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے متحدہ عرب امارات جدید ترین ٹیکنالوجیز کے نفاذ میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی اکنامک ایجنڈا 'D33' کے اہداف کے تحت فضائی نقل و حرکت کو ٹرانسپورٹ کے نظام میں ضم کرنا آئندہ نسلوں کی ضروریات کے مطابق شہری انفراسٹرکچر کو ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک عملی قدم ہے۔
آزمائشی پرواز کے موقع پر متعدد اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جن میں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطائر، جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی، دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئر نیویگیشن سروسز کے نمائندگان شامل تھے۔ ان شخصیات نے شمل ہولڈنگ کے اشتراک سے قائم جدید تجرباتی سہولیات کا جائزہ بھی لیا، جن میں مخصوص ورٹی پورٹس، فلائٹ مانیٹرنگ سسٹمز اور الیکٹرک چارجنگ ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
جوبی ایوی ایشن کے بانی و سی ای او، جوبین بیورٹ، اور روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی کے سی ای او احمد ہاشم بہروزیان نے منصوبے کی ٹائم لائن اور آئندہ مراحل پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ 2026 میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب فضائی ٹیکسی اسٹیشن کی عملی سروس شروع کی جائے گی، جہاں سے پہلی کمرشل پرواز روانہ ہوگی۔
مطرب الطائر نے کہا کہ فضائی ٹیکسی کا آغاز پائیدار اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سروسز کی ترقی کے لیے قیادت کے وژن کا مظہر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی سروس سے شہر کے اہم مقامات تک محفوظ، تیز اور آرام دہ رسائی ممکن ہوگی، مثلاً دبئی ایئرپورٹ سے پام جمیرا تک کا سفر صرف 12 منٹ میں طے ہوگا، جو کہ گاڑی کے ذریعے تقریباً 45 منٹ کا ہے۔
فضائی ٹیکسی کی نمایاں خصوصیات میں اس کا مکمل برقی نظام، عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ (VTOL) صلاحیت، کم شور، اور ماحول دوست ڈیزائن شامل ہیں۔ اس طیارے میں چھ روٹرز اور چار بیٹری پیک شامل ہیں، جو 160 کلومیٹر کی پرواز اور 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ طیارہ ایک پائلٹ کے ساتھ چار مسافروں کو لے جانے کی گنجائش رکھتا ہے۔
جوبین بیورٹ نے کہا کہ دبئی نہ صرف ہماری سروس کا آغاز کرنے والا پہلا شہر بن رہا ہے، بلکہ عالمی سطح پر صاف، خاموش اور تیز رفتار فضائی نقل و حرکت کے نئے دور کی شروعات کا مرکز بھی بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبی اور روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے درمیان شراکت داری جدید شہری ہوابازی کے لیے بین الاقوامی معیار متعین کرنے کی طرف ایک نمایاں قدم ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جوبی ایوی ایشن نے امریکہ کے ایڈورڈز ایئر فورس بیس میں دو سال تک سخت موسمی حالات میں پرواز کے تجربات کیے ہیں، جس کے بعد دبئی میں عملی ٹیسٹنگ ممکن ہوئی۔ کمپنی اب تک 15 سالہ انجینیئرنگ تجربے، 40,000 میل سے زائد پروازوں، اور کئی کامیاب آزمائشی پروازوں پر مشتمل شاندار ریکارڈ رکھتی ہے۔