سوڈانی پناہ گزین غذائی بحران کا شکار، اقوامِ متحدہ کے ادارے نے امداد کی فوری اپیل کر دی

جنیوا، یکم جولائی 2025 (وام) --اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ برائے خوراک (WFP) نے خبردار کیا ہے کہ سوڈان سے ہجرت کر کے پڑوسی ممالک میں پناہ لینے والے لاکھوں افراد کو شدید بھوک اور غذائی قلت کا سامنا ہے، کیونکہ مالی وسائل کی کمی کے باعث ادارے کو خوراک کی ہنگامی امداد میں کٹوتی کرنا پڑ رہی ہے۔

ادارے کے مطابق، 'WFP' نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور وسطی افریقی جمہوریہ، چاڈ، مصر، ایتھوپیا، لیبیا، جنوبی سوڈان اور یوگنڈا میں پناہ لینے والے مہاجرین کو خوراک، نقد رقوم، تیار گرم کھانے اور غذائی معاونت فراہم کی۔

ادارے نے ان میزبان کمیونٹیز کی بھی معاونت کی جو پہلے ہی خوراک کی کمی کا شکار ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے پناہ گزینوں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا۔

ادارے کے سودانی علاقائی بحران کے ایمرجنسی کوآرڈینیٹر شان ہیوز نے صورتحال کو ایک مکمل علاقائی بحران قرار دیا اور کہا کہ جن ممالک میں یہ پناہ گزین موجود ہیں، وہ خود بھی خوراک کی شدید قلت اور داخلی تنازعات کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ "سوڈان سے فرار ہونے والے لاکھوں افراد کی مکمل زندگی 'WFP' کی امداد پر منحصر ہے، لیکن اگر اضافی فنڈز نہ ملے تو ہمیں مزید کٹوتیوں پر مجبور ہونا پڑے گا، جو خاص طور پر بچوں اور خواتین کو شدید غذائی خطرات سے دوچار کر سکتا ہے۔"

'WFP' نے عالمی برادری سے فوری مالی معاونت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران پڑوسی ممالک میں سوڈانی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے 200 ملین امریکی ڈالرز درکار ہیں، جب کہ سوڈان کے اندر موجود انتہائی متاثرہ افراد کے لیے مزید 575 ملین ڈالرز کی ضرورت ہے۔