متحدہ عرب امارات کے صدر کی حجاج اماراتی امور دفتر کے وفد سے ملاقات، خدمات کو سراہا

ابوظہبی، یکم جولائی، 2025 (وام)-- متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج اماراتی حجاج کے امور کے دفتر اور اس سے منسلک کمیٹیوں کے وفد سے ملاقات کی، جو اس سال حج کے دوران اماراتی حجاج کی معاونت پر مامور تھیں۔

یہ ملاقات قصر البحر، ابوظہبی میں منعقد ہوئی، جہاں اماراتی صدر نے وفد کی جانب سے مقدس مقامات پر حجاج کرام کو مکمل سہولیات کی فراہمی سے لے کر ان کی بحفاظت وطن واپسی تک کے اقدامات کو سراہا۔

ملاقات کے دوران دفتر کی جانب سے حجاج کی خدمت میں پیش کردہ مختلف پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ آئندہ برسوں میں حجاج امور کی مزید منظم اور مؤثر دیکھ بھال کے لیے منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اسلامی امور، اوقاف و زکوٰة کے عمومی ادارے کے چیئرمین اور اماراتی حجاج کے امور کے دفتر کے سربراہ معالی ڈاکٹر عمر حبطور الدرعی نے حج کے پورے موسم کے دوران صدرِ مملکت کی جانب سے ملنے والی مسلسل سرپرستی اور خصوصی توجہ پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے شیخ محمد بن زاید کی جانب سے جاری کردہ ان ہدایتوں اور سہولتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے دفتر کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور حجاج کی خدمت میں نمایاں بہتری پیدا کرنے میں مدد دی۔

ڈاکٹر الدرعی نے قومی اداروں کے درمیان مؤثر باہمی تعاون و ہم آہنگی کو بھی سراہا، جس کے نتیجے میں اماراتی حجاج کو اعلیٰ سطح کی خدمات فراہم کی گئیں۔

یہ ملاقات معزز شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوئی جن میں نائب صدر، نائب وزیراعظم و صدراتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان، ولی عہد ابوظہبی عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندے شیخ حمدان بن زاید النہیان، شیخ سیف بن محمد النہیان، زاید فلاحی و انسان دوست فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین شیخ نہیان بن زاید النہیان، نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان، شیخ حامد بن زاید النہیان، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، شیخ ذیاب بن محمد بن زاید، شیخ حمدان بن محمد بن زاید اور شیخ زاید بن محمد بن زاید النہیان، وزیر برائے رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سمیت متعدد شیوخ، اعلیٰ حکام اور شہری بھی شامل تھے۔