دبئی، 2 جولائی، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات نے موبائل شاپنگ کے شعبے میں دنیا بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یہ انکشاف "2025 گلوبل ڈیجیٹل شاپنگ انڈیکس – یو اے ای ایڈیشن" میں کیا گیا، جو ویزا ایکسیپٹنس سلوشنز کے زیر اہتمام اور PYMNTS انٹیلیجنس کے تعاون سے جاری کیا گیا۔
یہ رپورٹ 1,679 صارفین اور 329 تاجروں پر مشتمل سروے پر مبنی ہے، جس میں موبائل آلات کی بڑھتی ہوئی اہمیت، خریداری کے رجحانات اور صارفین کے رویوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یو اے ای میں کاروباری ادارے موبائل کے ذریعے خریداری کو زیادہ محفوظ اور سہل بنانے کی سمت بڑھ رہے ہیں۔
تحقیق کے اہم نکات میں یہ بات سامنے آئی کہ 67 فیصد اماراتی صارفین نے اپنی حالیہ خریداری کے دوران موبائل فون کا استعمال کیا — جو 2022 کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
انڈیکس کے مطابق، موبائل ڈیوائسز کے ذریعے آن لائن خریداری میں امارات 37 فیصد شرح کے ساتھ سرفہرست ہے، جو سنگاپور (34.8 فیصد)، برطانیہ (27.6 فیصد) اور برازیل (24.4 فیصد) سے بھی آگے ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 32 فیصد اماراتی صارفین نے اپنی آخری آن لائن خریداری کے دوران بایومیٹرک توثیق (فنگر پرنٹ یا چہرے کی شناخت) کا استعمال کیا، جو کہ عالمی اوسط 17 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔
مزید یہ کہ 53 فیصد اماراتی صارفین نے "کراس چینل شاپنگ" (یعنی فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں ذرائع پر) کے استعمال کی خواہش ظاہر کی — یہ شرح دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔
یو اے ای کے صارفین عالمی سطح پر ان فوائد کو ترجیح دینے میں بھی سرفہرست ہیں جن میں انعامی پروگرامز (75 فیصد)، مفت شپنگ (73 فیصد) اور پرائس میچنگ (70 فیصد) شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 38 فیصد اماراتی صارفین نے اپنی حالیہ خریداری موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے آن لائن کی، اور اشیاء کو گھر پر حاصل کیا۔
یہ رجحانات متحدہ عرب امارات کے مضبوط کاروباری اور ضابطہ جاتی ماحول کا نتیجہ ہیں، جہاں نجی تاجروں اور حکومت کے درمیان قریبی تعاون سے محفوظ، تیز رفتار اور صارف دوست ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام متعارف ہو رہے ہیں۔
ویزا یو اے ای کی نائب صدر اور کنٹری منیجر، سلیمہ گوٹیوا نے کہاکہ، "متحدہ عرب امارات کا وژن ثابت کرتا ہے کہ جب تمام اسٹیک ہولڈرز ایک ساتھ مل کر کام کریں تو جدید تجارت کا مستقبل کس طرح تشکیل پا سکتا ہے۔ ویزا کو خوشی ہے کہ وہ حکومت کے ڈیجیٹل کامرس ایجنڈے کا حصہ ہے، اور ہم ویزا کی 'کلک ٹو پے' جیسی جدید سہولیات کے ذریعے صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں مقامی کاروبار اور بینکوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔"
رپورٹ میں موبائل شاپنگ کے رجحانات کی عمر کے حساب سے بھی درجہ بندی کی گئی، جس کے مطابق ملینیئلز (Millennials) اس میدان میں 73 فیصد کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ جنریشن زی (Gen Z) جنریشن ایکس (Gen X) سے کچھ پیچھے ہے، جبکہ بزرگ صارفین میں یہ شرح صرف 18 فیصد ریکارڈ کی گئی۔