ابوظہبی میں ای وی ٹول ایئر ٹیکسی کی کامیاب آزمائشی پرواز، شہری فضائی نقل و حرکت میں اہم پیشرفت

ابوظہبی، 2 جولائی، 2025 (وام)--سمارٹ اینڈ آٹونومس سسٹمز کونسل (SASC) کی حکمت عملی کے تحت اور ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس (ADIO) کے تعاون سے، امریکی کمپنی آرچر ایوی ایشن نے ابوظہبی کے البطین ایگزیکٹو ایئرپورٹ پر اپنی "مڈ نائٹ" الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ (eVTOL) ایئر ٹیکسی کی کامیاب آزمائشی پرواز مکمل کی، جو متحدہ عرب امارات میں اس جدید سروس کی تجارتی تعیناتی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

آزمائشی پرواز کو متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (GCAA)، ADIO، انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر، ابوظہبی ایوی ایشن اور ابوظہبی ایئرپورٹس کے اعلیٰ حکام کے ساتھ آرچر کے علاقائی شراکت داروں نے بھی ملاحظہ کیا۔

یہ پرواز متحدہ عرب امارات کے مخصوص موسمی حالات — جیسے شدید گرمی، نمی اور گرد و غبار — میں "ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ" (VTOL) کی صلاحیت کا عملی جائزہ لینے کے لیے کی گئی، تاکہ آرچر ایوی ایشن اپنے طیارے کی تجارتی تعیناتی کی تیاری کو جانچ سکے۔

اس پیشرفت کے بعد، آرچر اب خطے میں "مڈ نائٹ" ایئرکرافٹ کے ٹیسٹنگ پروگرام کو وسعت دے گا، تاکہ تجارتی منظوری اور سرٹیفکیشن کے لیے مزید ڈیٹا حاصل کیا جا سکے، جو نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ دیگر علاقائی منڈیوں میں اس منصوبے کی راہ ہموار کرے گا۔

ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے ڈائریکٹر جنرل، بدر العلماء نے کہاکہ، "یہ آزمائشی پرواز ابوظہبی کے عالمی شہری فضائی نقل و حرکت کے رہنما بننے کے خواب کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ SAVI کلسٹر کے ذریعے ہم آرچر جیسی کمپنیوں کو ٹیسٹنگ، سرٹیفکیشن اور بڑے پیمانے پر جدید ہوائی نقل و حمل کے حل فراہم کرنے میں مدد دے رہے ہیں، جس سے ابوظہبی عالمی سطح پر ایک اختراعی مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے۔"

اس موقع پر آرچر ایوی ایشن کے سی ای او اور بانی، ایڈم گولڈسٹین نے کہا کہ "متحدہ عرب امارات میں ہماری ابتدائی آزمائشی پروازیں تجارتی تعیناتی کی تیاری میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں حقیقی حالات میں ٹیسٹنگ سے ہمیں وہ ضروری ڈیٹا حاصل ہو رہا ہے جس سے ہم سرٹیفکیشن اور آپریشنل حکمت عملی میں پیش رفت حاصل کر سکتے ہیں۔"

یہ پرواز آرچر اور ابوظہبی ایوی ایشن کے اشتراک سے جاری "لانچ ایڈیشن" پروگرام کا حصہ ہے، جس کا مقصد ابوظہبی میں ایئر ٹیکسی خدمات کا آغاز کرنا ہے۔ اس کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب آرچر متحدہ عرب امارات میں اپنی تجارتی سرگرمیوں اور سرٹیفکیشن کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے۔ اس میں حالیہ کامیابیوں میں زاید پورٹ کے ابوظہبی کروز ٹرمینل میں ملک کے پہلے ہائبرڈ ہیلی پورٹ کے لیے ڈیزائن اپروول کا حصول اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ جاری تعاون شامل ہیں۔

"لانچ ایڈیشن" پروگرام آرچر کی ان منڈیوں میں ابتدائی تجارتی آپریشنز قائم کرنے کی حکمت عملی کا مظہر ہے، جہاں شہری فضائی نقل و حرکت کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔ ابوظہبی کا اس پروگرام کے لیے پہلا انتخاب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ امارات جدید، پائیدار اور اختراعی ٹرانسپورٹ نظام کی عالمی قیادت کی جانب گامزن ہے۔