ابوظہبی، 3 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج مملکتِ بحرین کے شاہ، جلالت مآب شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سے ابوظہبی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں قائدین کے درمیان برادرانہ اور پرخلوص گفتگو ہوئی، جو دونوں ممالک اور عوام کے درمیان دیرینہ اور مستحکم تعلقات کا عکاس تھی۔
ملاقات میں امارات اور بحرین کے درمیان دیرپا باہمی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی، اور ان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، تاکہ مشترکہ مفادات، ترقیاتی اہداف اور علاقائی خوشحالی کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔
ملاقات میں صدارتی دیوان برائے ترقی و امورِ شہداء کے نائب چیئرمین عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان
اور نائب چیئرمین صدارتی دیوان برائے خصوصی امور عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان بھی موجود تھے۔
بحرینی وفد کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر، رائل گارڈ کے کمانڈر اور سپریم ڈیفنس کونسل کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل عزت مآب شیخ ناصر بن حمد آل خلیفہ اور سپریم کونسل برائے یوتھ اینڈ اسپورٹس کے پہلے نائب چیئرمین اور جنرل اسپورٹس اتھارٹی (GSA) کے صدر عزت مآب شیخ خالد بن حمد آل خلیفہ نے شرکت کی۔