ابوظہبی چیمبر کا تعلقات عامہ و ڈیجیٹل مارکیٹنگ ورکنگ گروپ کا قیام

ابوظہبی، 3 جولائی، 2025 (وام)--ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ADCCI) نے پبلک ریلیشنز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ ورکنگ گروپ کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ابوظہبی میں تعلقات عامہ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانا اور اس کی مسلسل ترقی و توسیع کو یقینی بنانا ہے۔

یہ گروپ مواقع اور چیلنجز کی نشاندہی، قابلِ عمل سفارشات کی تیاری، اور اہم حلوں کو ترجیح دینے پر توجہ مرکوز کرے گا، تاکہ سرکاری و نجی شعبوں کے مابین مؤثر تعاون کے ذریعے پیشرفت کو تیز کیا جا سکے۔

ابوظہبی چیمبر کے اس اقدام کو تعلقات عامہ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی صنعت کو بااختیار بنانے اور ابوظہبی کی پائیدار معاشی ترقی و تنوع میں اس کے کردار کو مستحکم کرنے کے عزم کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ابوظہبی چیمبر کے دوسرے نائب چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر، شمس علی خلفان الظاہری نے کہا کہ پبلک ریلیشنز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ ورکنگ گروپ کا قیام متحدہ عرب امارات میں کمیونیکیشن اور مارکیٹنگ شعبے کے مرکزی کردار کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ، "اس اقدام کے ذریعے ماہرین اور صنعتی قائدین کو یکجا کر کے ہم ایسی شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں جو جدت کو تقویت دیتی ہے اور پیشہ ورانہ معیارات بلند کرتی ہے۔"

یہ اقدام چیمبر کی جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد فعال کاروباری ترقی کو فروغ دینا اور ابوظہبی بھر میں نجی و سرکاری شعبوں کے مابین مضبوط شراکتیں قائم کرنا ہے۔ چیمبر نے جنوری 2023 سے اب تک کئی شعبہ جاتی ورکنگ گروپس قائم کیے ہیں تاکہ حکومتی اداروں اور نجی شعبے کے مابین بامعنی مکالمے کی راہیں ہموار کی جا سکیں۔

یہ ورکنگ گروپس نہ صرف مشاورت اور وکالت کے فورمز فراہم کرتے ہیں، بلکہ قانون سازی میں نجی شعبے کی رائے شامل کرنے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں PR اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے میں موجود مواقع و مسائل کی نشاندہی، متعلقہ حکام کو عملی حل تجویز کرنا، اور قوانین کا جائزہ لے کر شعبے کی مسابقتی حیثیت بہتر بنانا شامل ہے۔

پبلک ریلیشنز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ ورکنگ گروپ میں انڈسٹری سے وابستہ ممتاز رہنما شامل کیے گئے ہیں، جو اس شعبے کو ابوظہبی میں ایک اسٹریٹجک سطح پر فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔