ابوظہبی، 3 جولائی، 2025 (وام)--ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام چوتھا بائیک ابو ظہبی گران فونڈو مقابلہ اتوار، 21 دسمبر 2025 کو منعقد ہوگا۔
2025 کے ایڈیشن میں مقابلے کا راستہ الٹ دیا گیا ہے – یعنی اس بار دوڑ کا آغاز العین ریجن سے ہوگا اور اختتام ابوظہبی میں ہو گا، تاکہ شرکاء کو متحدہ عرب امارات کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
رواں سال کی دوڑ کے لیے 20 لاکھ درہم کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 364 ایوارڈز دیے جائیں گے، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 44 ایوارڈز زیادہ ہیں – یہ پیش رفت اس ایونٹ کی ترقی اور سائیکلنگ کے تمام سطحوں پر قابلیت کو سراہنے کے جذبے کا مظہر ہے۔
ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے سیکریٹری جنرل، عارف حمد العوانی نے اس موقع کو ابوظہبی کو دنیا کے صفِ اول کے سائیکلنگ مراکز میں تبدیل کرنے کے سفر کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ، "بائیک ابو ظہبی گران فونڈو ایک منفرد مسابقتی ایونٹ ہے، جو شوقیہ اور پیشہ ور سائیکل سواروں دونوں کو یکجا کرتا ہے۔ یہ ہماری اسٹریٹجک سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد سائیکلنگ کو امارات کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ چوتھے ایڈیشن میں اہم تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ دوڑ العین سے شروع ہو کر ابوظہبی پر ختم ہوگی، جب کہ سابقہ مقابلوں میں آغاز دارالحکومت ابوظہبی سے ہوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انعامات کی تعداد میں اضافہ اور 20 لاکھ درہم کی رقم مختص کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کونسل اس ایونٹ کو بین الاقوامی سائیکلنگ کیلنڈر میں ایک مضبوط مقام دلانے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ دوڑ بائیک ابو ظہبی پلیٹ فارم کا حصہ ہے، جس کا مقصد امارات کو عالمی سطح پر سائیکلنگ کا مرکز بنانا ہے اور صحت مند و پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔
2022 میں آغاز کے بعد سے، بائیک ابو ظہبی گران فونڈو نے عالمی سائیکلنگ کیلنڈر میں اپنی جگہ بنائی ہے، اور دنیا بھر سے شرکاء کو متوجہ کر کے امارات کے صحت و کھیل کے شعبے میں عزم کو اجاگر کیا ہے۔
گزشتہ ایڈیشن میں 70 سے زائد قومیتوں کے 1,000 سے زائد مرد و خواتین سائیکل سواروں نے شرکت کی، جو کہ رواداری اور بقائے باہمی جیسے اماراتی اقدار کا بہترین مظہر تھا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2025 کا یہ مقابلہ "سالِ برادری" (Year of the Community) کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے، جو ایونٹ کو سماجی ہم آہنگی، شمولیت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے تناظر میں بھی ایک اہم حیثیت عطا کرتا ہے۔