تین ایکسچینج ہاؤسز پر منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 41 لاکھ درہم کا جرمانہ

ابوظہبی، 7 جولائی 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے وفاقی فرمان قانون نمبر (20) برائے 2018 کے آرٹیکل (14) کے تحت منی لانڈرنگ، دہشت گردی اور غیر قانونی تنظیموں کی مالی معاونت کے انسداد سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر تین ایکسچینج ہاؤسز پر مختلف نوعیت کے مالی جرمانے عائد کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت 41 لاکھ درہم ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ جرمانے مذکورہ ایکسچینج ہاؤسز کے معائنے کے بعد لگائے گئے، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ ان اداروں نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق وضع کردہ پالیسیوں اور ضوابط پر عملدرآمد نہیں کیا۔

مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ وہ اپنی نگرانی اور ضابطہ کاری کی ذمہ داریوں کے تحت یہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام ایکسچینج ہاؤسز، ان کے مالکان اور عملہ متحدہ عرب امارات کے قوانین، ضوابط اور سی بی یو اے ای کے مقرر کردہ معیارات پر سختی سے عمل کریں، تاکہ مالیاتی لین دین میں شفافیت اور دیانتداری کو برقرار رکھا جا سکے اور ملک کے مالیاتی نظام کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔