ابوظہبی، 7 جولائی (وام)--متحدہ عرب امارات کی معروف مصنوعی ذہانت کی کمپنی جی42 اور پیشہ ور سائیکلنگ ٹیم "یو اے ای ٹیم ایمریٹس-ایکس آر جی" نے دنیا کا پہلا جنریٹو اے آئی سے لیس سائیکلنگ ہیلمٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ہیلمٹ بین الاقوامی سطح پر شہرت یافتہ ہیلمٹ ساز ادارے 'MET' کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ "یو اے ای ٹیم ایمریٹس-ایکس آر جی" کے سوار اس جدید ترین ہیلمٹ کو جاری ٹور ڈی فرانس میں پہلی بار پہن کر میدان میں اتریں گے۔
جی42 کے چیف اے آئی آفیسر اینڈریو جیکسن نے اس شراکت کو انسانی اور مشینی ذہانت کے ملاپ کی علامت قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس اشتراک سے یہ موقع ملا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی انقلابی صلاحیتوں کو نہ صرف ایتھلیٹس کی کارکردگی بہتر بنانے میں پیش کیا جائے، بلکہ تخلیقی حدود کو بھی وسعت دی جائے۔
جی42 کے چیف مارکیٹنگ آفیسر فہیم احمد نے اس منصوبے کو سائیکلنگ شائقین کے لیے یو اے ای ٹیم ایمریٹس سے جڑنے کا ایک نیا ذریعہ قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ جدت کے دائرے میں تخلیق کو مرکزی حیثیت دیتا ہے، اور مداحوں کو کھیل کے دل سے جوڑتا ہے۔
ٹیم کے سی ای او اور پرنسپل مورو جیانیٹی نے تصدیق کی کہ جی42 ٹیم کا باضابطہ اے آئی شراکت دار ہے، اور دونوں ادارے سائیکلنگ میں مصنوعی ذہانت کے نئے امکانات تلاش کر رہے ہیں۔ ان میں ٹریننگ اور ریس کی حکمت عملیوں کو بہتر بنانا، کارکردگی کا تجزیہ، اور مداحوں کی دلچسپی میں اضافہ شامل ہے۔