ابوظہبی، 10 جولائی، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کی جنرل بجٹ کمیٹی نے 2026 کے مالی سال کے مجوزہ وفاقی بجٹ پر غور کے لیے اپنا 13 واں اجلاس قصر الوطن، ابوظہبی میں منعقد کیا۔
اجلاس کی صدارت نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصور بن زاید النہیان نے کی، جبکہ دبئی کے پہلے نائب حکمران، نائب وزیر اعظم و وزیر خزانہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان بھی اجلاس میں شریک تھے۔
مزید براں، اجلاس میں وزیر مملکت برائے مالی امور محمد ہادی الحسینی، اماراتی مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بالامہ التمیمی اور وزارت مالیات و صدارتی عدالت کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں مالی سال 2026 کے مجوزہ بجٹ کا جائزہ لیا گیا، جو 2022 تا 2026 کے بجٹ پلان کا حصہ ہے۔ یہ مشاورت وزارتِ مالیات کی جانب سے تمام وفاقی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت کی گئی تاکہ بجٹ کی تیاری میں مقامی و عالمی اقتصادی تبدیلیوں کو مدنظر رکھا جا سکے۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ تمام ضروری اقدامات وفاقی قانون نمبر (26) برائے 2019 برائے عوامی مالیات، اس میں کی گئی ترامیم، اور متعلقہ فیصلوں و سفارشات کی روشنی میں انجام دیے جا رہے ہیں۔
کمیٹی نے ہدایت دی کہ 2026 کے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے مطلوبہ تمام رسمی اقدامات مکمل کیے جائیں تاکہ بجٹ کو منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو پیش کیا جا سکے۔ اجلاس میں مختلف وفاقی اداروں کی جانب سے جمع کرائی گئی بجٹ تجاویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مزید برآں، 2025 کے مالی سال کی پہلی ششماہی میں ہونے والے آمدنی و اخراجات کی روشنی میں ملک کی موجودہ مالی پوزیشن کا تجزیہ کیا گیا، ساتھ ہی 2026 کی متوقع مالی حکمت عملی کا بھی جائزہ پیش کیا گیا۔
مالی تخمینے وفاقی اداروں کی جانب سے پیش کردہ آمدنی اور اخراجات کی تازہ رپورٹس پر مبنی تھے، جو قومی معیشت کے اہم شعبوں میں مسلسل بہتری اور مثبت ترقیاتی اشاریوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
کمیٹی نے اس ضمن میں ضروری اقدامات کرنے کی سفارش کی اور وزارتِ مالیات کی جانب سے 2026 کے بجٹ کی تیاری میں کی جانے والی کوششوں اور وفاقی اداروں سے مؤثر رابطہ کاری پر تحسین کا اظہار بھی کیا۔