صدرِ امارات نے برازیل میں نئے سفیر سے حلف لیا، متعدد ممالک کے سفیروں کی اسنادِ تقرری بھی وصول کیں

ابوظہبی، 10 جولائی، 2025 (وام) --متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے آج عزت مآب شرف عیسیٰ محمد السویدی سے عہدے کا حلف لیا، جنہیں برازیل میں متحدہ عرب امارات کا سفیر مقرر کیا گیا۔

یہ تقریب قصر الوطن ابوظہبی میں منعقد ہوئی، جس میں نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان بھی موجود تھے۔

اسی موقع پر اماراتی صدر نے متحدہ عرب امارات میں تعینات ہونے والے متعدد نئے غیر ملکی سفیروں کی اسنادِ تقرری بھی وصول کیں۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے برازیل میں نامزد سفیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امارات کی پالیسی دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر روابط اور شراکت داری کے پل تعمیر کرنا ہے۔

صدر شیخ محمد بن زاید نے نئے غیر ملکی سفیروں کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اماراتی حکام کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔

شیخ محمد بن زاید نے جن نئے سفیروں کی اسنادِ تقرری وصول کیں، ان میں جمہوریہ بیلاروس کے سفیر ایگور بیلی، جمہوریہ ایکواڈور کے سفیر فیلیپ ریباڈینیرا مولستینا، سلوواکیہ کے سفیر پاول پینس، جمہوریہ سری لنکا کی سفیر آروش ونودھنی کورے، جمہوریہ قازقستان کے سفیر راوان زومابیک، اور جمہوریہ ہونڈوراس کے غیر مقیم سفیر فرانسسکو خوسے ہریرا الوارادو شامل ہیں۔

تقریب میں ان کے علاوہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدارتی عدالت برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، وزیر مملکت شیخ شخبوت بن نہیان النہیان، وزیر مملکت احمد بن علی السایغ، وزیر مملکت
خلیفہ شہین المرر، اور ایگزیکٹو افیئرز اتھارٹی کے چیئرمین خلدون خلیفہ المبارک سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔