ابوظہبی، 23 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے صومالی لینڈ کے شہر برابرہ میں جدید طرز کا سماجی رہائشی منصوبہ مکمل کر کے باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ ابوظہبی فنڈ برائے ترقی (ADFD) کی زیر نگرانی مکمل ہونے والے اس منصوبے پر 27.5 ملین درہم (تقریباً 7.5 ملین امریکی ڈالر) لاگت آئی ہے، جس کے تحت تین مختلف اقسام کے 300 رہائشی یونٹس تعمیر کیے گئے ہیں۔
یہ منصوبہ نہ صرف کم آمدنی والے خاندانوں کو محفوظ اور باوقار رہائش فراہم کرے گا بلکہ شہر کے بنیادی ڈھانچے میں بھی اہم بہتری لائے گا۔ منصوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور بارش کے پانی کا نظام، اندرونی سڑکیں، سبزہ زار، اور دیگر اہم شہری سہولیات بھی شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب میں صومالی لینڈ کے نائب صدر محمد اوولی عبدي نے شرکت کی، جب کہ یو اے ای کے تجارتی دفتر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبداللہ النقبی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابوظہبی فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد سیف السویدی نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف 1,500 افراد کو معیاری گھر فراہم کرتا ہے، بلکہ مقامی سطح پر روزگار، معیشت اور تعمیراتی شعبے میں متحرک سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتا ہے۔ ان کے مطابق، "پائیدار ترقی کے لیے رہائش کی فراہمی ایک بنیادی قدم ہے، اور یہ منصوبہ صومالی لینڈ کے ساتھ ہماری طویل شراکت داری کا عملی اظہار ہے۔"
صومالی لینڈ کے نائب صدر نے اپنے خطاب میں متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک رہائشی اسکیم نہیں بلکہ شہری ترقی کا سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ نہ صرف درجنوں خاندانوں کو چھت فراہم کرتا ہے بلکہ بنیادی سہولیات، روزگار اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے ذریعے شہر کی مجموعی ترقی میں مدد دے گا۔
واضح رہے کہ ابوظہبی فنڈ برائے ترقی، صومالی لینڈ میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے دی جانے والی 330 ملین درہم کی گرانٹ کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔ اس رقم سے متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن میں سب سے نمایاں برابرہ-ہرگیسا ہائی وے کی 262 ملین درہم سے بحالی، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی منصوبے شامل ہیں۔ ان کا مقصد پورے خطے میں پائیدار ترقی اور بہتر انفراسٹرکچر کو فروغ دینا ہے۔