یو اے ای میں مالیاتی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مرکزی بینک اور مرکری کا اسٹریٹجک اشتراک، نیا مشترکہ ادارہ "یونائٹی بزنس سروسز" قائم

ابوظہبی، 24 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (CBUAE) اور ڈیجیٹل ادائیگیوں میں مہارت رکھنے والی کمپنی مرکری نے مالیاتی شعبے کی جدید کاری کے لیے "یونائٹی بزنس سروسز" کے نام سے ایک نیا مشترکہ ادارہ قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اقدام مرکزی بینک کے "فنانشل انفراسٹرکچر ٹرانسفارمیشن (FIT) پروگرام" کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔

اس شراکت داری کا مقصد یو اے ای کی قومی مالیاتی مارکیٹ کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ یہ نظام زیادہ موثر، محفوظ، اور عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ مرکزی بینک اور مرکری کے درمیان یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ملک کے اہم مالیاتی نظاموں پر قومی خودمختاری کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا عملی مظہر ہے۔

نئے مشترکہ ادارے کا باضابطہ افتتاح ایک پروقار تقریب میں کیا گیا جس میں مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بالاما، مرکری کے ایگزیکٹو چیئرمین مظفر کوکَر، اور مرکزی بینک کے اسسٹنٹ گورنر سیف حمید الظہری نے شرکت کی۔ اس موقع پر ابراہیم عبید الزعابی (مرکزی بینک) اور مظفر حمید (مرکری) نے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ابراہیم عبید الزعابی نے کہاکہ، "یہ مشترکہ منصوبہ ہماری اس خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم ایسا جدید اور قابل اعتماد ادائیگی نظام تشکیل دیں جو مستقبل کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ ہو اور مالی شمولیت کو فروغ دے۔ مرکری کے ساتھ اشتراک ہمیں عالمی معیار کی مہارت اور تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔"

مرکری کے چیئرمین مظفر کوکَر نے کہا کہ وہ اس اسٹریٹجک شراکت پر فخر محسوس کرتے ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف مرکزی بینک کے وژن کو حقیقت میں ڈھالنے کا ذریعہ ہے بلکہ ملک کے لیے ایک محفوظ، جامع، اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ادائیگی نظام کی بنیاد بھی فراہم کرے گا۔