اسلام آباد، 24 جولائی، 2025 (وام)--ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) نے پاکستان کی معیشت کے حوالے سے جاری کردہ تازہ رپورٹ "ایشیائی ترقیاتی آؤٹ لک – جولائی 2025" میں کہا ہے کہ مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 2.7 فیصد رہی، جو کہ ابتدائی اندازوں سے بہتر قرار دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں مسلسل کمی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام نے معاشی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلے گیارہ ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث اے ڈی بی نے مہنگائی کا تخمینہ 5.8 فیصد برقرار رکھا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق، رپورٹ میں بتایا گیا کہ صنعتی اور سروسز سیکٹرز کی بہتر- کارکردگی اور زرعی شعبے میں جاری اصلاحات نے مجموعی اقتصادی ترقی کو سہارا دیا۔ ان شعبوں میں ترقی کی رفتار نے معیشت کو مثبت سمت میں برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
رپورٹ میں اس بات کو بھی سراہا گیا کہ عالمی تجارتی غیر یقینی صورتحال، امریکا میں بلند ٹیرف، جغرافیائی کشیدگیوں اور بڑی معیشتوں میں ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کی سست روی جیسے عوامل کے باوجود پاکستان نے مثبت اقتصادی رفتار کو برقرار رکھا۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے پاکستان کی اس اقتصادی مزاحمت کو داخلی پالیسی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، اور بہتر میکرو اکنامک مینجمنٹ کا نتیجہ قرار دیا ہے، جس نے بیرونی دباؤ کے باوجود ملکی معیشت کو استحکام کی طرف گامزن رکھا۔