فرانس کا سیاحتی آمدنی کو 2030 تک 100 ارب یورو سالانہ تک بڑھانے کا منصوبہ

پیرس، 24 جولائی، 2025 (وام)--فرانسیسی وزیرِ اعظم فرانسوا بایرو نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے بین الاقوامی سیاحتی آمدنی کو 2030 تک 100 ارب یورو سالانہ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جو کہ 2024 کی آمدنی 71 ارب یورو کے مقابلے میں 29 ارب یورو کا اضافہ ہوگا۔

یہ اعلان فرانس کے شہر آنجے (Angers) میں منعقدہ بین الوزارتی سیاحت کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا گیا، جہاں وزیراعظم نے فرانسیسی سیاحت کو عالمی سطح پر مزید مستحکم بنانے کے لیے جامع اقدامات کا پیکج بھی پیش کیا۔

حالانکہ فرانس نے 2024 میں 100 ملین غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ سب سے زیادہ وزیٹرز کا اعزاز حاصل کیا، مگر آمدنی کے اعتبار سے صرف چوتھے نمبر پر رہا۔ اسپین نے کم سیاحوں کے باوجود 126 ارب یورو کی سیاحتی آمدنی حاصل کی، جسے ماہرین فرانس کے لیے تشویش کا باعث قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق فرانس میں سیاحوں کا قیام عمومی طور پر مختصر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے فی سیاح اخراجات کم ہوتے ہیں اور آمدنی متاثر ہوتی ہے۔

فرانس کی وزیرِ سیاحت نتھالی ڈیلاترے نے کہا کہ ملک کی کل قومی پیداوار (GDP) کا 8 فیصد حصہ سیاحتی شعبے سے حاصل ہوتا ہے، جو کہ 200 ارب یورو کے برابر ہے۔ سیاحت سے 20 لاکھ غیر منتقل ہونے والی ملازمتیں وابستہ ہیں، جو فرانس کی معیشت کے لیے ایک اسٹریٹجک ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔