العریش، 28 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کا انسانی امداد سے بھرپور ٹرکوں کا ایک قافلہ آج رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخل ہوا۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کی امداد کے لیے جاری انسانی مشن "آپریشن الفارس الشهم 3" کا حصہ ہے۔
قافلے میں شامل 38 ٹرکوں میں سے 18 میں خوراک، طبی امداد اور شیر خوار بچوں کے لیے فارمولا دودھ موجود تھا، جبکہ باقی 20 ٹرکوں میں پانی کی نئی پائپ لائن کے لیے پائپ، ٹینک اور متعلقہ ساز و سامان لایا گیا۔ یہ پائپ لائن تقریباً 7 کلومیٹر طویل ہو گی، جو مصر میں قائم اماراتی سمندری پانی صاف کرنے کے پلانٹ کو رفح اور خان یونس کے درمیان موجود بے گھر افراد کے علاقوں سے منسلک کرے گی۔ اس پلانٹ کی یومیہ پیداواری صلاحیت 20 لاکھ گیلن ہے۔
اس سے ایک روز قبل بھی 25 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ غزہ پہنچا تھا، جس میں پانی کی پائپ لائن کے لیے پائپ اور دیگر ضروری ساز و سامان موجود تھا۔ یوں اس منصوبے کے لیے بھیجے جانے والے کل ٹرکوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے، اور تمام لازمی سامان کی فراہمی مکمل ہونے کے بعد منصوبے پر عملدرآمد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے "برڈس آف گوڈنس" فضائی مشن کو بھی دوبارہ شروع کر دیا ہے، جو زمینی امدادی کوششوں کے ساتھ ساتھ جاری ہے۔ یہ تمام اقدامات غزہ میں انسانی بحران کم کرنے اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے عزم کا مظہر ہیں۔