متحدہ عرب امارات میں امیگریشن ویزہ خدمات کے نام پر دھوکہ دہی، شہریوں کو صرف مستند ذرائع پر انحصار کی ہدایت

ابوظہبی، 28 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز و بندرگاہ سیکیورٹی نے مقامی شہریوں، رہائشیوں اور امارات کا رخ کرنے والے غیر ملکی وزیٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ خدمات کے حصول کے لیے صرف مجاز اور منظور شدہ ذرائع کا استعمال کریں اور غیر قانونی ذرائع سے بچیں۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ کچھ غیر مجاز دفاتر اور کمپنیوں کی جانب سے سوشل میڈیا اور ویب سائٹس کے ذریعے گمراہ کن اشتہارات پھیلائے جا رہے ہیں، جو تیز تر امیگریشن یا ویزہ سہولیات کا جھانسہ دے کر شہریوں اور رہائشیوں سے بھاری رقوم وصول کر رہے ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق، تمام سرکاری خدمات انتہائی آسان اور سہل طریقہ کار کے تحت فراہم کی جاتی ہیں اور ان کے لیے صرف مجاز چینلز — جیسا کہ اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ، سمارٹ ایپلیکیشن، اور ملک بھر میں موجود منظور شدہ ٹائپنگ مراکز — پر ہی انحصار کیا جانا چاہیے۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ اس نے کسی بھی نجی دفتر یا سوشل میڈیا پر خدمات کا دعویٰ کرنے والی کمپنی کو ایسی کوئی خصوصی رعایت یا سہولت فراہم نہیں کی۔ ایسے دعوے سراسر گمراہ کن ہیں جن کا مقصد عوام سے ناجائز مالی فوائد حاصل کرنا ہے۔

مزید کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹس کے ذریعے غیر قانونی اور جعلی آن لائن سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، جہاں ایسے عناصر دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ حکومتی خدمات کو تیزرفتاری سے مکمل کروا سکتے ہیں، جب کہ ان دعووں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

اتھارٹی نے خبردار کیا کہ اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف عوام کو دھوکہ دیتی ہیں بلکہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں، سیکیورٹی کے لیے خطرہ بنتی ہیں اور سروسز کی شفافیت کو متاثر کرتے ہوئے بلیک مارکیٹ کو فروغ دیتی ہیں۔

اتھارٹی نے یہ بھی تصدیق کی کہ ایسی مشکوک سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور متعلقہ قانونی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔