شیخ ہزاع بن زاید کی قومی سروس کی تقریب میں شرکت، نوجوانوں کی عسکری تربیت اور حب الوطنی کو سراہا گیا

العین، 28 جولائی، 2025 (وام)--العین ریجن میں حکمران کے نمائندے، عزت مآب شیخ ہزاع بن زاید النہیان نے سیح الحما تربیتی مرکز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں متحدہ عرب امارات کے قومی سروس پروگرام (2024-2025) کے 22ویں بیچ نے اپنی عسکری مہارتوں کا مظاہرہ پیش کیا۔

تقریب میں وزارتِ دفاع کے انڈر سیکرٹری، اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ابراہیم ناصر محمد العلوی، دیگر سینئر فوجی افسران، اور بھرتی شدہ نوجوانوں کے اہلِ خانہ بھی شریک تھے۔

شیخ ہزاع بن زاید النہیان نے تربیتی پروگرام کی تکمیل پر نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی اور اُن کی تھیوری اور عملی مشقوں میں حاصل کردہ کامیابیوں کو سراہا۔ اُنہوں نے قوم کی خدمت، مفادات کے تحفظ اور قومی کامیابیوں کی پاسبانی کے لیے نوجوانوں کو مسلسل آگے بڑھنے کی تلقین کی۔

انہوں نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہر اماراتی شہری کی ذمے داری ہے کہ وہ ملکی ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کرے۔ ساتھ ہی اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی حاصل کردہ تربیت اور مہارتوں کو قومی اداروں کی مضبوطی اور اماراتی افواج کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے استعمال کریں۔

شیخ ہزاع نے کہا کہ قومی سروس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا، انہیں قومی ذمہ داریوں کے لیے تیار کرنا اور ایک ایسی نسل تیار کرنا ہے جو مستقبل میں قیادت کی اہلیت رکھے۔ اُنہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فرض کی پکار پر لبیک کہنا نہ صرف حب الوطنی کی علامت ہے بلکہ قومی سلامتی کے دفاع اور امارات کی اقدار کے تحفظ کا ذریعہ بھی ہے۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد بھرتی شدہ نوجوانوں نے مختلف جنگی اور عسکری مشقوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ ان مشقوں میں ان کی جسمانی فٹنس، عسکری نظم و ضبط اور جنگی تیاری نمایاں طور پر نظر آئی، جو ان کے جذبے اور عزم کی عکاسی کرتی تھی۔

سیح الحما تربیتی مرکز کے ڈپٹی کمانڈر نے استقبالیہ کلمات میں شیخ ہزاع بن زاید اور دیگر معزز مہمانوں کی شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو فخر ہے کہ وہ نئی نسل کے ایسے نوجوان تیار کر رہی ہے جو ملک کی سلامتی، خودمختاری اور اقدار کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی سروس پروگرام نہ صرف نظم و ضبط سکھاتا ہے بلکہ قومی شناخت کو مضبوط بنانے اور عسکری اقدار کو نوجوانوں میں راسخ کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔