العین چڑیا گھر میں عالمی ٹائیگر ڈے کی تقریبات، نایاب نسلوں کے تحفظ پر زور

العین، 29 جولائی 2025 (وام)--العین چڑیا گھر نے ہر سال 29 جولائی کو منائے جانے والے عالمی ٹائیگر ڈے کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا ہے، جن کا مقصد نایاب نسلوں کے تحفظ میں ادارے کے کردار کو اجاگر کرنا اور عوام میں حیاتیاتی تنوع کی اہمیت سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔

چڑیا گھر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، ادارہ نہ صرف تعلیم و تفریح کو یکجا کر رہا ہے بلکہ عوام کو عمار ٹائیگر کے منفرد مشاہداتی تجربے میں شرکت کی دعوت بھی دے رہا ہے، جو ہر جمعہ، ہفتہ اور اتوار صبح 10 بجے منعقد کیا جاتا ہے۔

ان سیشنز کے دوران زائرین کو نہ صرف عمار ٹائیگر کی فطری عادات و اطوار کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملتا ہے بلکہ جانوروں کی نگہداشت پر مامور ماہرین کی جانب سے ان کی خصوصیات، رویوں اور معدومی کے خطرات سے متعلق اہم معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

زائرین کے لیے نئے افتتاح شدہ عمار ٹائیگر ہیبی ٹیٹ کو بھی دریافت کرنے کا موقع موجود ہے، جو ان ٹائیگرز کے قدرتی ماحول کی طرز پر تیار کیا گیا ہے اور ایک متحرک، حقیقی اور سیکھنے پر مبنی ماحول فراہم کرتا ہے۔

عمار ٹائیگر ہیبی ٹیٹ کو جانوروں کی فلاح و بہبود کے بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں وسیع و عریض بیرونی علاقہ، سایہ دار آرام گاہیں، پانی کے تالاب، ٹھنڈے پلیٹ فارم اور غار نما پناہ گاہیں شامل ہیں تاکہ ٹائیگرز کے لیے پُرسکون اور آرام دہ ماحول مہیا کیا جا سکے۔

پسِ پردہ سہولیات میں چِلڈ واٹر پونڈز، فوگ اسپرے سسٹم اور دیگر جدید تکنیکی سہولیات شامل ہیں جو نہ صرف جانوروں کی زندگی کو بہتر بناتی ہیں بلکہ زائرین کو جدید زوالوجیکل دیکھ بھال کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کرتی ہیں۔

ہیبی ٹیٹ میں انٹرایکٹو ٹریننگ ایریا بھی شامل ہے جہاں تمام عمر کے زائرین کے لیے سیکھنے اور مشغولیت کا ماحول پیدا کیا گیا ہے۔ العین چڑیا گھر میں عمار ٹائیگر، بنگال ٹائیگر، عربی چیتا، اور جیگوار سمیت کئی نایاب بڑی بلیوں کی نسلیں موجود ہیں۔

چڑیا گھر کے مطابق، ادارہ خصوصی نگہداشت، بامعنی تجربات اور عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحول دوست شعور کے فروغ میں ریجن کا صفِ اوّل کا ادارہ بن چکا ہے۔

زائرین کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے، العین چڑیا گھر نے موسمِ گرما میں بھی مختلف سہولیات متعارف کرائی ہیں، جن میں مفت وہیکل سروس شامل ہے، جو اگست 2025 کے آخر تک دستیاب رہے گی تاکہ زائرین پورے پارک کو سہولت سے گھوم سکیں۔

چڑیا گھر میں سال بھر جاری سرگرمیوں میں زرافہ کو خوراک دینا، رنگ ٹیلڈ لیمر کے ساتھ مشاہداتی ملاقات، پرندوں اور رینگنے والے جانوروں سے تعارف اور افریقی و عربی حیات پر مبنی کہانی سنانے کے سیشنز شامل ہیں، جن میں سینڈ کیٹ اور عمار ٹائیگر نمایاں ہیں۔

العین چڑیا گھر کے تجربات کو شیخ زاید ڈیزرٹ لرننگ سینٹر اور العین سفاری کی شمولیت سے مزید بھرپور بنا دیا گیا ہے، جہاں زائرین کو تعلیم اور ایڈونچر سے بھرپور فطرت کا ایک دلکش سفر میسر آتا ہے۔

ادارے کی توجہ جانوروں کی نگہداشت، تعلیم، اور عوامی شمولیت پر مرکوز ہے، جو اسے خطے میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک مستند مرکز بناتی ہے — ایک ایسی جگہ جہاں خاندان نہ صرف سیکھتے ہیں بلکہ فطرت سے جڑنے اور اس کی حفاظت کا جذبہ بھی لے کر لوٹتے ہیں۔