دبئی، 29 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (GCAA) نے دبئی ایئرپورٹس اور دناتا کے اشتراک سے ملک میں پہلی بار خودکار بیگیج ہینڈلنگ گاڑیوں کے تجرباتی استعمال کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ یہ آزمائش دبئی ورلڈ سینٹرل – المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DWC) پر کی جائے گی۔
یہ منظوری ہوابازی کے شعبے میں ٹیکنالوجی پر مبنی محفوظ اور مؤثر ترقی کو فروغ دینے کی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے، اور ڈیٹا جیسے سروس فراہم کنندگان کو جدید ماڈلز آزمانے کا موقع فراہم کرے گی۔
اس آزمائشی منصوبے کے تحت دناتا، ایئرپورٹ گراؤنڈ ہینڈلنگ جیسے حساس ماحول میں خودکار بیگیج ٹریکٹرز کا استعمال کرے گا۔ یہ تجربہ جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی زیر نگرانی بنائے گئے قواعد و ضوابط کے دائرہ کار میں کیا جائے گا، تاکہ محفوظ طریقے سے اےئر سائیڈ آپریشنز میں ٹیکنالوجی کا مؤثر انضمام ممکن ہو سکے۔
اس اقدام کے ذریعے امارات نے عالمی سطح پر ان ممالک کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے جو ہوابازی کے میدان میں اسمارٹ آٹومیشن کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، سیف محمد السویدی نے اس موقع پر کہا کہ یہ منظوری نہ صرف ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ قیادت کے اس وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد ایک مسابقتی اور اختراعی معیشت کی تشکیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہم بطور ریگولیٹر ایسے سازگار ماحول کی تشکیل پر کام کر رہے ہیں جہاں جدید ٹیکنالوجی محفوظ طریقے سے پنپ سکے۔"
ایوی ایشن سیفٹی افیئرز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل، عقیل الزرعونی نے کہا کہ، "خودکار گاڑیوں کا فعال ایئر سائیڈ آپریشنز میں استعمال مربوط اور مستقبل بَین ضابطہ کاری کا تقاضا کرتا ہے۔"
دبئی ایئرپورٹس کے چیف ٹیکنالوجی اینڈ انفراسٹرکچر آفیسر، عمر بن دادی کے مطابق آزمائش دبئی ورلڈ سینٹرل – المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں آنے والے وقت کے لیے جدید حلوں کو عملی صورت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ، "یہ آزمائش صرف تکنیکی تجربہ نہیں بلکہ ایئرپورٹ آپریشنز کے مستقبل کی بنیاد رکھنے والا قدم ہے، جو دبئی ورلڈ سینٹرل کے آئندہ توسیعی مراحل کے لیے بھی راہ ہموار کرے گا۔"
دناتا کے ڈویژنل سینئر نائب صدر، جعفر داؤد نے اس پیش رفت کو جدید ٹیکنالوجی اپنانے کے عزم کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ "یہ آزمائش محفوظ، مؤثر اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے کے ہمارے وژن کی توسیع ہے۔ ہم GCAA اور دبئی ایئرپورٹس کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس سفر میں ہمارا ساتھ دیا۔"
یہ آزمائشی منصوبہ دناتا اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے درمیان جاری تعاون کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایئرپورٹ گراؤنڈ ہینڈلنگ کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ دبئی ورلڈ سینٹرل، جو مستقبل میں سالانہ 260 ملین مسافروں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس حوالے سے ٹیکنالوجی کے تجربات کے لیے موزوں ترین مقام سمجھا جا رہا ہے۔
آزمائش سے حاصل شدہ تجربات نہ صرف موجودہ آپریشنز کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے بلکہ امارات کے دیگر ایئرپورٹس میں آٹومیشن کے انضمام کی بنیاد بھی فراہم کریں گے۔