راس الخیمہ، 30 جولائی 2025 (وام)--مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کی سب سے پہلی اور بڑی کم لاگت فضائی کمپنی ایئر عربیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ راس الخیمہ سے روس کے دو شہروں، یکاترنبرگ اور قازان، کیلئے براہِ راست پروازیں شروع کر رہی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق یہ نئی پروازیں اکتوبر 2025 سے شروع ہوں گی، جن کے ذریعے راس الخیمہ سے فضائی نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق، 27 اکتوبر 2025 سے ایئر عربیہ ہر پیر کو یکاترنبرگ کے کولتسوو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے ہفتہ وار پروازیں چلائے گی، جب کہ 31 اکتوبر 2025 سے قازان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے ہر جمعہ کو براہِ راست پرواز دستیاب ہوگی۔
ایئر عربیہ کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، عادل علی نے نئے روٹس کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ، "ہم راس الخیمہ سے یکاترنبرگ اور قازان کیلئے براہِ راست پروازوں کا آغاز کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ روس ہمارے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے اور یہ اضافہ ہمارے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم اپنے صارفین کو زیادہ سفری سہولیات فراہم کریں، جبکہ امارات اور روس کے درمیان سیاحت اور تجارت کو بھی فروغ دیں۔"
ایئر عربیہ کی جانب سے روس کے دو نئے شہروں تک پروازوں کا آغاز اس بات کی علامت ہے کہ ایئرلائن اپنے راس الخیمہ حب سے توسیع کی پالیسی پر گامزن ہے۔ یہ اقدام روس کیلئے کم خرچ اور آسان سفر کی سہولت کو مزید مضبوط کرے گا۔
یاد رہے کہ ایئر عربیہ کی پہلے ہی ماسکو کے لیے براہِ راست پروازیں موجود ہیں، اور اب ان میں یکاترنبرگ اور قازان کے اضافے سے روسی مارکیٹ میں کمپنی کی موجودگی مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ یہ پیش رفت سیاحت اور کاروباری مسافروں دونوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
علاوہ ازیں، شارجہ اور ابوظہبی سے بھی یکاترنبرگ کیلئے براہِ راست پروازیں دستیاب ہیں، جبکہ قازان تک رسائی شارجہ کے ذریعے ممکن ہے۔ اس سے متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں سے روس کیلئے متعدد راستے دستیاب ہو گئے ہیں۔
راس الخیمہ سے ایئر عربیہ کے ذریعے اب دس بین الاقوامی شہروں تک براہِ راست پروازیں دستیاب ہیں، جن میں قاہرہ، جدہ، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کلی کٹ، ماسکو، تاشقند اور اب یکاترنبرگ اور قازان شامل ہو چکے ہیں۔