غزہ میں "برڈس آف گوڈنس" مہم کے تحت 57 ویں فضائی امدادی مشن کی تکمیل، امارات اور اردن کا مشترکہ اقدام

غزہ، 30 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات نے ہاشمی مملکت اردن کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں فضائی امدادی کارروائیاں مسلسل چوتھے روز بھی جاری رکھیں۔ یہ اقدامات 'برڈس آف گوڈنس' کے عنوان سے جاری انسانی ہمدردی پر مبنی مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد غزہ کے متاثرہ علاقوں تک فوری امداد کی رسائی کو ممکن بنانا ہے۔

ذرائع کے مطابق، 30 جولائی کو 57 واں فضائی امدادی مشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس میں وہ علاقے خاص طور پر نشانہ بنائے گئے جہاں زمینی رسائی سیکیورٹی خدشات اور رکاوٹوں کے باعث ممکن نہیں۔

یہ امدادی کوششیں "آپریشن الفارس الشهم 3" کے تحت جاری ہیں، جو فلسطینی عوام سے امارات کے اخلاص پر مبنی اور مسلسل تعاون کا مظہر ہیں۔ یہ مشن نہ صرف غذائی ضروریات کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ زمینی امداد کی معطلی کے باوجود فوری ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری رپورٹ کے مطابق، مہم کے آغاز سے اب تک 3,775 ٹن امدادی سامان مخصوص 196 فضائی جہازوں کے ذریعے غزہ میں متاثرہ آبادی تک پہنچایا جا چکا ہے، جس میں درست ہدف بندی اور حساس علاقوں تک رسائی کو خاص اہمیت دی گئی۔

فضائی مشن کے ساتھ ساتھ، متحدہ عرب امارات نے 30 جولائی کو 58 امدادی ٹرک بھی غزہ روانہ کیے، جو مختلف زمینی راستوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچائے گئے۔ یہ ٹرک غذائی اشیاء، طبی امداد اور دیگر بنیادی ضروریات پر مشتمل تھے۔

اماراتی حکام کے مطابق، یہ امداد صرف فوری ریلیف تک محدود نہیں بلکہ اس کا دائرہ پائیدار انفرااسٹرکچر کی بحالی تک پھیلا ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے سمندری پانی کو صاف کرنے والے پلانٹس سے پائپ لائن کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔