اماراتی صدر اور بھارتی وزیرِاعظم کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

ابوظہبی 30 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور جمہوریہ بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

رہنماؤں نے باہمی مفادات کے فروغ اور اپنی عوام کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پر غور کیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ وژن کے تحت تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران، شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیرِاعظم نریندر مودی کو اپنے ملک کی تاریخ میں دوسرے طویل ترین مدت تک خدمات انجام دینے والے وزیرِاعظم بننے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نریندر مودی کی کامیابیوں کے تسلسل اور بھارتی عوام کی خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

وزیرِاعظم نریندر مودی نے مبارکباد اور بھارت اور اس کے عوام کے لیے گرمجوش جذبات پر اماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا۔