متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کا بنیادی شرح سود 4.40 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

ابوظہبی 30 جولائی، 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ‘اوور نائٹ ڈپازٹ فیسلٹی’ (ODF) پر لاگو ہونے والی بنیادی شرح سود کو 4.40 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ امریکہ کے فیڈرل ریزرو کی جانب سے ریزرو بیلنسز پر سود کی شرح (IORB) کو برقرار رکھنے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔ مرکزی بینک نے واضح کیا کہ اس فیصلے کا مقصد ملکی مالیاتی پالیسی کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔

مزید برآں، بینک نے اپنی تمام مختصر المدتی قرضہ جاتی سہولتوں کے لیے مقرر کردہ شرح سود کو بھی بیس ریٹ سے 50 بیسز پوائنٹس زائد سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اماراتی مرکزی بینک کا بنیادی شرح سود، امریکی فیڈرل ریزرو کی ریزرو بیلنسز پر سود کی شرح سے منسلک ہے، جو ملکی مالیاتی پالیسی کی عمومی سمت کی نشاندہی کرتا ہے اور اوور نائٹ منی مارکیٹ میں سود کی شرح کے لیے ایک مؤثر کم از کم حد فراہم کرتا ہے۔