چین کے شہر شنگھائی میں نیشنل میڈیا آفس کے چیئرمین کی عالمی میڈیا و ٹیکنالوجی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

شنگھائی، 31 جولائی 2025 (وام)--متحدہ عرب امارات کے نیشنل میڈیا آفس اور یو اے ای میڈیا کونسل کے چیئرمین، عبداللہ بن محمد بن بُطی الحیمد نے "برج روڈ شو" کے شنگھائی مرحلے کے دوران عالمی سطح کے میڈیا، تخلیقی سرمایہ کاری، سمارٹ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ سرکردہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران سے اہم ملاقاتیں کیں۔

یہ ملاقاتیں آئندہ دسمبر ابوظہبی میں منعقد ہونے والے "برج سمٹ 2025" کی تیاریوں کا حصہ تھیں، جن کا مقصد دنیا بھر میں میڈیا اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی شراکت داریوں کو فروغ دینا اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ منصوبوں کے لیے راہیں ہموار کرنا تھا۔

عبداللہ الحیمد نے اپنی ملاقاتوں میں مشرق وسطیٰ کے لیے ڈیجیٹل مواد کی تیاری، تخلیقی میڈیا میں سرمایہ کاری، تعلیم میں مصنوعی ذہانت کے انضمام، اور آئندہ نسل کی میڈیا سٹیز کے لیے ذہین انفراسٹرکچر کی تعمیر جیسے اسٹریٹجک امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے 'وائٹل برج' کے بانی پارٹنر جنجیان ژانگ سے بھی ملاقات کی، جو ایک معروف وینچر کیپیٹل ادارہ ہے اور مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے جدید منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے "کارٹیہ" کی بانی بونی ژانگ سے بھی بات چیت کی، جو ایک ابھرتا ہوا آٹو موٹیو لائف اسٹائل پلیٹ فارم ہے جو چینی برانڈز اور خلیجی مارکیٹس کے درمیان پُل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں، "شیانگوانگشے (شائن گلوبل)" تھنک ٹینک کی بانی ویوی ہی سے بھی ملاقات ہوئی، جو عالمی مارکیٹ میں توسیع کرنے والی چینی کمپنیوں کے لیے حکمتِ عملی فراہم کرتا ہے۔

ایک اہم ملاقات 'ہواوے کلاؤڈ' کے میڈیا سروسز ڈیپارٹمنٹ کے صدر لو یانگ منگ سے بھی ہوئی، جس میں اے آئی پر مبنی مواد کی تیاری، لائیو سٹریمنگ کے جدید حل، اور اگلی نسل کے میڈیا انفراسٹرکچر پر بات کی گئی۔

ملاقاتوں کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے عبداللہ الحیمد نے کہا کہ عالمی سطح پر معتبر ٹیکنالوجی اور میڈیا اداروں سے شراکت داری کو فروغ دینا امارات کی اسٹریٹجک ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق، "ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے بدلتے رجحانات کے درمیان ایک مضبوط، مربوط اور لچکدار میڈیا ماحولیاتی نظام کی تشکیل کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ امارات کو ایک عالمی میڈیا مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کا ہدف، مؤثر، ذمے دارانہ اور مستقبل بین مواد کی تیاری سے وابستہ ہے، جس کے ذریعے عوامی شعور کو فروغ دیا جا سکے، کھلے مکالمے کی حوصلہ افزائی ہو، اور امارات کو عالمی سطح پر فکری و ثقافتی تبادلے کے ایک متحرک مرکز کے طور پر پیش کیا جا سکے۔